ملک کو دہشت گردی، انتہاپسندی، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نکالنا اہم ہے،اﷲ رکھا چوہدری

جمعہ 13 نومبر 2015 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء)مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اﷲ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش دہشت گردی، انتہاپسندی، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے تعلیم کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مہذب و پرامن معاشرے کی تشکیل اور انتہاپسندی کے رجحانات میں کمی لانے کیلئے تعلیم موثر ترین ہتھیار ہے۔

تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے کے کونے کونے میں علم کی کرنیں بکھیرنے کیلئے انتہائی موثر اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے اور اس پروگرام پرموثر عملدرآمد کے ذریعے تعلیم عام کرنے میں مدد مل رہی ہے۔شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے وسائل دیئے ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے انتھک محنت اور ٹیم ورک کے طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کئے ہیں۔ طلبا و طالبات کو میرٹ پر ٹیبلٹس دینے کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے تمام اقدامات صوبے میں علم کی کرنیں پھیلانے میں ممد و معاون ثابت ہو رہے ہیں۔