نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہے، انہیں جدید علوم سے روشناس کر کے ملک وقوم کوترقی کی منزل سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے،پنجاب کے تعلیمی پروگرام میں پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کر کے بھائی چارے اورقومی وحدت کو فروغ دیا ہے ،فروغ تعلیم کیلئے وسائل اخراجات نہیں ،ملک کے روشن مستقبل پر سودمند سرمایہ کاری ہے،شہبازشریف

جمعہ 13 نومبر 2015 21:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے ہیں۔صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ اورصحت عامہ کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے تعلیمی شعبہ میں پنجاب حکومت کے انقلابی اقدامات بارآور ثابت ہوئے ہیں۔

تعلیم پائیدار ترقی کا واحد راستہ ہے۔ تعلیم کے فروغ کیلئے فراہم کئے جانیوالے وسائل اخراجات نہیں بلکہ ملک کے روشن مستقبل پر سودمند سرمایہ کاری ہے۔ علاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری کیلئے مربوط پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ان خیالات کا اظہار آج یہاں منتخب نمائندوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم اورصحت کے شعبوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس مقصد کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

تعلیم اور صحت کے شعبوں کی مضبوطی کیلئے انقلابی نوعیت کی اصلاحات کی گئی ہیں۔ سکول ریفارمز پروگرام کے تحت سکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔اساتذہ اورطلباء کی حاضری یقینی بنانے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل اورقیمتی سرمایہ ہے انہیں جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک وقوم کوترقی کی منزل سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے ۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ،دانش سکول سسٹم،ذہین طلباء و طالبات کو وظائف کی فراہمی، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی پروگرام اورپوزیشن ہولڈرزکے بین الاقوامی تعلیمی اداروں کو مطالعاتی دورے حکومت پنجاب کے ایسے انقلابی اقدامات ہیں جن سے تعلیم کے شعبے پرانتہائی مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ حکومت کے ان تعلیمی پروگراموں کے ایک بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ ان پروگراموں میں ناصرف پنجاب بلکہ سندھ، بلوچستان ،،خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان ،آزادکشمیر،فاٹا اور فیڈرل بورڈ کے ہونہارمستحق طلباء و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔

جس سے بھائی چارے، قومی وحدت اور یگانگت کو فروغ مل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ اوردانش سکول سسٹم سے غریب ترین خاندانوں کے ہونہار بچے اوربچیاں اپنی تعلیم پیاس بجھا رہی ہے ۔ان پروگراموں کے ذریعے خاک آلود گلیوں کے بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھلے ہیں۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد طلباء و طالبات ملکی و غیر ملکی تعلیمی اداروں میں جدید علوم سے آراستہ ہورہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کی طرح صحت کا شعبہ بھی حکومت کی سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے اورعوام کومعیاری طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔صوبے بھر میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اور دیہی و بنیادی مراکز صحت میں طبی سہولتوں کو بہتر بنایا جارہا ہے ۔

صوبائی دارلحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹرکے قیام کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام جار ی ہے ۔منتخب نمائندوں نے پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے زبردست اقدامات کرنے پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے بڑے منصوبوں سے صوبے بھر کے عوام مستفید ہورہے ہیں ۔صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے بے مثال اقدامات اٹھائے ہیں ۔حکومت کی شفاف اورمیرٹ کی پالیسی کی بدولت اداروں کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :