حکومت بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے، اقتصادی راہداری ، گوادر بندرگاہ اور ایئرپورٹ کی تعمیر سے بلوچستان کے لوگوں کے لیے روزگار کے بے پنا ہ مواقع پیدا ہونگے

صدر ممنون حسین کی گورنر بلوچستان اور قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 13 نومبر 2015 20:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے بلوچستان کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہحکومت بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کے ساتھ ساتھ گوادر بندرگاہ اور گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر سے بلوچستان کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع میں بے پناہ اضافہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ملاقات میں گورنر بلوچستان نے صدر مملکت کو بلوچستان کی سیاسی اور سیکیورٹی کی صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا اور اس ضمن میں کیے گئے حکومتی اقدامات کے متعلق بھی بتایا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے جن کے نتیجے میں بلوچستان ملک کے دیگر حصوں کے برابر آجائے گا۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے ساتھ ساتھ گوادر بندرگاہ اور گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر سے بلوچستان کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔