پاکستان کی افغان امن عمل کی بحالی کیلئے ایک بارپھر تعاون کی پیشکش

افغانستان میں امن ،ترقی اور امن عمل کے حوالے سے بھی پاکستان کاکردارقابل تعریف ہے، نکولس ہیسم

جمعہ 13 نومبر 2015 19:54

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) پاکستان نے افغان حکومت کے رابطہ کرنے کی صورت میں ایک بار پھرافغان امن عمل کی بحالی کیلئے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ پائیدار امن صرف تمام فریقین کی شمولیت سے سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے ہی حاصل ہوسکتا ہے،فغانستان میں امن استحکام اورترقی کیلئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ ملکر کام کرتے رہینگے، افغان مہاجرین کی وطن واپسی اوراپنے ملک میں آباد کاری کے سلسلہ میں یو این ایچ سی آر اپنی کوششوں میں تیزی لائے۔

وزیراعظم کے مشیرخارجہ سرتاج عزیز سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان نکولس ہیسم نے جمعہ کو دفتر خارجہ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران فریقین نے دیگرامور کے علاوہ افغانستان میں ابھرتی ہوئی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال اور امن اوراستحکام کیلئے بین الاقوامی کوششوں کاجائزہ لیا۔

مشیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تمام دوطرفہ شعبوں میں تعمیری اوربامقصد روابط کا خواہاں ہے انہوں نے افغانستان میں امن استحکام اورترقی کیلئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ ملکر کام کرنے کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ سرتاج عزیز نے کہاکہ دسمبر2015ء میں اسلام آباد میں ہونیوالی قلب ایشیا وزارتی کانفرنس ان اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی ۔

مشیرخارجہ نے افغانستان میں امن کو خطے کے امن کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایک پائیدار امن صرف تمام فریقین کی شمولیت سے سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے ہی حاصل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری افغانستان میں تعطل کاشکار امن عمل کی جلدبحالی کی خواہاں ہے جو پاکستان کے خیال میں اس مقصد کیلئے بہترین راستہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سے اگر افغان حکومت نے رابطہ کیاتو وہ امن عمل کی بحالی میں مدد فراہم کریگا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے افغانستان میں امن اورترقی کے سلسلہ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے افغانستان کے امن عمل کے حوالے سے بھی پاکستانی کردا ر کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہاکہ بین الافغان امن مذاکرات کیلئے بھرپورعلاقائی حمایت درکارہوگی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اس حوالے سے سہولت کار کاکردار ادا کرے گا۔

فریقین نے پاکستان سے افغان مہاجرین کی وطن واپسی اور اپنے ملک میں دوبارہ آباد کاری کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آرکومہاجرین کی وطن واپسی کیلئے افغان حکومت کی استعداد بڑھانے کی غرض سے عالمی برادری کومتحرک کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لانی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :