بلاول بھٹو زرداری کو لیڈر بنانے کا مشورہ دینے والے پہلے خود لیڈر بن کے دکھائیں ،نثار کھوڑو

عمران خان سے اپنا گھر اور جماعت تو نہیں سنبھل سکتی اورچلے ہیں بڑی جماعت کے لیڈر کوسیاست سکھانے، وزیر اطلاعات سندھ

جمعہ 13 نومبر 2015 19:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) سندھ کے سینئر وزیراطلاعات نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو لیڈر بنانے کا مشورہ دینے والے پہلے خود لیڈر بن کے دکھائیں پھر کسی کو مشورہ دیں، عمران خان سے اپنا گھر اور جماعت تو نہیں سنبھل سکتی اورچلے ہیں بڑی جماعت کے لیڈر کوسیاست سکھانے۔جمعہ کو اپنے جاری اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ آمر کے حمایتی عمران خان کی جانب سے سندھ کے عوام کو کیڑا کہنے کی مذمت کرتے ہیں ، ماضی میں آمر مشر ف نے سندھ کے عوام کو جاہل کہا تھا اور آج اس کے بڑے حامی عمران خان عوام کو کیڑ ا بول رہے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان سندھ کے عوام کو غلامی سے آزاد ی دلانے کا مشورہ اپنے پاس رکھیں انھیں شاید یہ یا د نہیں کہ یہی سندھ کی عوام تھی جس نے ملک آزاد کرایا تھا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عمران خان اپنے شاہ محمود قریشی کو مشورہ دیں کہ وہ اپنے لوگوں سے قدم بوسی نہ کرائیں ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ کسی اور نے نہیں آمروں اور اس کے حواریوں نے ڈالا ۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان سندھ کے عوام کو نہیں خود کو اپنی ناکامی پر سنبھلنے کی ہمت دیں ۔انھوں نے کہا کہ عمران خان بھلے سندھ بھر کا دورہ کرلیں انھیں مہمان نوازی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔انھوں نے کہا کہ سندھ سے اب راون کا دور ختم ہوگیا ہے اس لئے آمروں اور انکے حواریوں کا گٹھ جوڑ پیپلز پارٹی کا کچھ نہیں بگا ڑسکتا۔