مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت سے آزادی اور پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں‘میاں مقصود احمد

ہندوؤں کی انتہاپسندی سے بھارت کاگھناؤناچہرہ عالمی برادری کے سامنے عیاں ہوچکا ہے،بھارت نے اپنا وجود برقرار رکھنا ہے تو اسے جموں وکشمیر کوفی الفور آزاد کرنا ہوگا‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 13 نومبر 2015 19:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت سے آزادی اور پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں،ہندوستان اپنے تمام ترمنفی اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کونہ دباسکا ہے اور نہ ہی اسے روک سکاہے،گزشتہ 68سالوں سے مقبوضہ کشمیر پربھارت قابض ہے مگر اس کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے ابھی تک بلند ہیں،اس وقت بھی کشمیری عوام آزادی کی بھرپور تحریک چلا رہے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں جس بری طرح انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں اس پر پوری کشمیری قوم سراپا احتجاج ہے۔ اب تک کشمیر میں بھارتی مظالم سے ایک لاکھ سے زائدمسلمان شہیدہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ہزاروں خواتین کی بے حرمتی اورہزاروں بے گناہ نوجوانوں کوگرفتار کیاجاچکا ہے جن کا کوئی اتاپتانہیں ۔بھارت میں ہندوؤں کی انتہاپسندی اور کشمیر میں ریاستی مظالم سے ہندوستان کاگھناؤناچہرہ عالمی برادری کے سامنے عیاں ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ کومذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی بارہاکوشش کی مگر بھارتی حکمرانوں کی بدنیتی کی وجہ سے اب تک یہ مذاکرات لاحاصل رہے ہیں۔ پاکستان برصغیر میں دیرپا امن کیلئے یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں بھارت کے ساتھ ماضی کی تمام تلخیوں کو بھلا کر دوستانہ تعلقات استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھا ناچاہتاہے ۔

بھارت کسی بھی طریقے سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں رضامند نظر نہیں آتا اس وجہ سے پاکستان کودسرے مسائل میں الجھانے کیلئے اپنی تخریب کاریوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہاکہ یواین او اور امن کے علمبردار ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل،پاکستان میں ’’را‘‘کی مداخلت ختم اور آبی جارحیت کے مکمل خاتمے کے لئے دباؤ ڈالیں۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزید کہاکہ نریندرمودی کی کشمیرمیں آمد اورزبردست عوامی احتجاج کے بعدبھارت کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ بھارت نے اپنا وجود برقرا ر رکھنا ہے تو اسے جموں وکشمیر کوفی الفور آزاد کرنا ہوگا۔