19نومبر کو بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ضلع بھرمیں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے،پولنگ اسٹیشنز پر امیدوار‘ پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز کے علاوہ کسی شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمدباقر رضا کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 نومبر 2015 18:09

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمدباقر رضا نے کہاہے کہ19نومبر کو بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ضلع بھرمیں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے،پولنگ اسٹیشنز پر امیدوار ‘پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز کے علاوہ کسی شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،پولنگ اسٹیشنز پر کسی غیر متعلقہ افراد کو ہرگز داخل نہیں ہونے دیا جائے گا ۔

وہ جمعہ کو یہاں اپنے دفترمیں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ضلع بھرکے پولنگ اسٹیشنز پر افسران و اہلکاران کی ڈیوٹی لگانے کے سلسلہ میں سکیورٹی پلان مرتب کیا جارہاہے ۔ سکیورٹی پلان کے علاوہ کوئیک رسپانس فورس اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں ریزرو رکھی جائیں گی اور جس پولنگ اسٹیشنز پر حالات زیادہ خراب ہوں گے وہاں ان ٹیموں کو کال کیاجائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا جارہاہے اور اسلحہ کی نمائش ‘ ہوائی فائرنگ‘آتش بازی پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ لائسنسی اسلحہ رکھنے والوں کو بھی ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امیدواروں کو کارنر میٹنگز کی پیشگی اجازت لینا ضروری ہے اور کسی کو ایمپلی فائر ساؤنڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے متعلق تمام پولیس افسران کو ہدایات دے دی ہیں جن پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیاجائے گا ۔