نائیجریا کے اعلی سطحی وفد کا ایف جے ایم یو کا دورہ

جمعہ 13 نومبر 2015 18:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء )حکومت نائیجریا کے ایک پانچ رکنی اعلی سطحی وفد نے سابق گورنرصوبہ سوکوٹوسینیٹر علیووماکو کی قیادت میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فخر امام سے ملاقات کی-اس موقعہ پر رجسٹرار ایف جے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر طارق رشید اور پروفیسر منظور احمد بھی موجود تھے - وفد کے ساتھ ملاقات میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور نائیجریا کے مابین میڈیکل کے شعبہ میں تعاون پر اتفاق ہوا - یہ طے پایا کہ ایف جے ایم یو اور نائیجریا کی حکومت کے درمیان میڈیکل کی تعلیم کے پروگراموں کا باہمی تبادلہ کیا جائے گا اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں گریجوایٹ اور انڈر گریجوایٹ کی سطح پر نائیجریا کی طالبات کو داخلہ دیا جائے گا - وفد کے سربراہ سینیٹر علیو وماکو نے یونیورسٹی کی جانب سے تعاون پر وائس چانسلر پروفیسر فخر امام کا شکریہ ادا کیا-