گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال میں روزانہ 500-600 مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے ‘ایم ایس میاں منشی ہسپتال

آؤٹ ڈور میں روزانہ چھ سو مریضوں کو مفت دوائی دی جا رہی ہے ،ایمرجنسی آپریشن تھیٹر 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے ، ڈاکٹرز موجود ہیں ‘ ڈاکٹر محمد امیر

جمعہ 13 نومبر 2015 17:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء )گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد امیر نے کہا ہے کہ ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں روزانہ تقریباً چھ سو مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں اور ایمرجنسی میں بھی علاج معالجہ کی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں - انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ ایمرجنسی میں ہر وقت ڈاکٹرز ڈیوٹی پر موجود ہوتے ہیں - ڈاکٹر محمد امیر نے گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا کہ ایمرجنسی آپریشن تھیٹر 24 گھنٹے کھلا رہتاہے اور مریضوں کے ایمرجنسی آپریشن کئے جاتے ہیں - ہسپتال کے توسیعی منصوبے کے حوالے سے ڈاکٹر محمد امیر نے بتایا کہ ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے حال ہی میں آرتھو پیڈک آپریشن تھیٹر نے بھی کام شروع کر دیا ہے - جبکہ ہسپتال کے لئے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کی نئی مشینیں بھی خریدی جا چکی ہیں - انہوں نے مزید کہا کہ میاں منشی ہسپتال میں چار منزلہ ٹراما سنٹر کی تعمیر کے کام کا بھی آغاز ہو چکا ہے اور آنے والے دنوں میں گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولیات میں مزید اضافہ ہو جائے گا جس سے لاہور کے مضافاتی علاقوں کے علاوہ دیگر ملحقہ شہروں کے غریب عوام استفادہ کر سکیں گے ۔