سعودی عدالت نے شوہر کو اپنی بیوی کے منہ پر تھپڑ مارے اور تھوکنے کی پاداش میں قید اور کوڑوں کی سزا سنادی

میری بیوی بغیر اجازت گھر سے باہر جاتی تھی اس لئے میں نے اسے پیٹا، شوہر کا موقف

جمعہ 13 نومبر 2015 17:46

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء)سعودی عرب کی ایک عدالت نے شوہر کو اپنی بیوی کے منہ پر تھپڑ مارے اور تھوکنے کی پاداش میں 30 کوڑوں کی سزا سنادی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقسعودی عرب کے مشرقی صوبے سے تعلق رکھنے والے ایک سعودی شہری، جس کا نام تاحال مقامی میڈیا میں مخفی رکھا جا رہا ہے، کو گذشتہ ہفتے اپنی بیوی کو تھپڑ مارنے اور اس کے منہ پر تھوکنے کے الزام میں ایک ہفتے قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

خاتون پر تشدد کی رپورٹ اس کے بھائی نے مقامی حکام کے سامنے درج کرواتے ہوئے بتایا کہ اس کی بہن پر اس کا شوہر دو مرتبہ جسمانی تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے۔عدالت میں شوہر نے بیوی کو مارنے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے اقدام کا دفاع کیا تھا۔ شوہر کے بقول اس کی بیوی کئی مرتبہ بغیر اجازت گھر سے باہر گئی جس پر میں نے اسے منع کیا۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق جج نے بیوی کو اس بات کا پابند بنایا ہے کہ وہ شوہر کی پیشگی اجازت کے بغیر گھر سے باہر نہ جائے اور ساتھ ہی شوہر کو ایک ہفتے جیل کی سزا اور 30 کوڑوں کی سزا بھی سنا دی کیونکہ اس نے کسی دوسرے پر ہاتھ اٹھانے سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کی۔

فیصلے کا سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا جا رہا ہے اور اسے سعودی عرب میں گھریلو تشدد کے خاتمے کی سمت درست اقدام سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔