سعودی لڑکیوں میں غیر ملکیوں سے شادی کا رواج چل نکلا

رواں سال 48 پاکستانی مردوں نے بھی سعودی خواتین سے شادی رچائی،رپورٹ

جمعہ 13 نومبر 2015 17:44

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء )سعودی عرب کی شہری 44 خواتین رواں سال امریکی اور یورپی شہریوں کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ عرب اخبار 'الوطن' کے مطابق اس سال 1234 سعودی خواتین غیر ملکیوں کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔یاد رہے کہ سعودی خواتین کی غیر ملکیوں سے شادی سے متعلق اعداد وشمار پر مبنی رپورٹ دو برس قبل جاری کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی خواتین سے شادی کرنے والے سب سے زیادہ غیر سعودی شہریوں میں یمنی شامل تھے۔رپورٹ کے مطابق اس سال 505 یمنی مردوں کی سعودی خواتین سے شادی ہوئی۔ رپورٹ ہی کے مطابق 152 کویتی، 118 شامی، 85 مصری، 59 اماراتی، 49 فلسطینی جبکہ 48 پاکستانی مرد ایسے تھے کہ جنہوں نے اپنے لئے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی رفیقہ حیات کا انتخاب کیا۔مغربی ملکوں میں امریکی اور کینیڈا کے 17 مرد شہریوں نے سعودی خواتین کے ساتھ نکاح کیا جبکہ 27 یورپی ملکوں سے تعلق رکھنے والے مرد حضرات سعودی دوشیزاؤں کے شوہر بنے۔