صدر مملکت سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نصیر خان جنجوعہ کی ملاقات

حکومت بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کررہی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کیساتھ گوادر بندرگاہ ، گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر سے بلوچستان کے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگاممنون حسین کی گفتگو

جمعہ 13 نومبر 2015 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے بلوچستان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کررہی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کیساتھ گوادر بندرگاہ ، گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر سے بلوچستان کے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

صدر مملکت نے یہ یہ بات گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نصیر خان جنجوعہ سے ملاقات کے دوران کی جنہوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ملاقات میں گورنر بلوچستان نے صدر مملکت کو بلوچستان کی سیاسی اور سیکیورٹی کی صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور اس ضمن میں کیے گئے حکومتی اقدامات کے متعلق بھی بتایا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے اس موقع پر بلوچستان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے جن کے نتیجے میں بلوچستان ملک کے دیگر حصوں کے برابر آجائیگا۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے ساتھ ساتھ گوادر بندرگاہ اور گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر سے بلوچستان کے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔