سندھ، آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں شروع

بجٹ کے حوالے سے حکام 30اپریل 2016تک اپنی سفارشات کو حتمی شکل دیدینگے

جمعہ 13 نومبر 2015 17:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) سندھ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں شروع کر دیں، صوبائی سطح پر ٹیکس دائرہ کار بڑھانے کے ساتھ عوام کی فلاح کے منصوبوں کے لیے ترجیحات کا تعین بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نئے مالی سال میں آمدن کا اندازہ لگانے کے لیے سندھ ریونیو بورڈ سے بھی مشاورت شروع کی جا رہی ہے اس کے علاوہ خدمات پر جی ایس ٹی کی وصولی میں اضافے کے لیے مختلف نئے شعبوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بجٹ کے حوالے سے حکام 30 اپریل 2016 تک اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے دیں گے، رواں مالی سال سندھ کا بجٹ لگ بھگ 740 ارب روپے ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ترقیاتی اخرجات پر رقم خرچ کرنے کی اشد ضرورت ہے ، صوبے بھر میں صحت و تعلیم کے علاوہ صاف پانی جیسی بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے جبکہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں حکومتی بے حسی کا ثبوت دے رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :