اساتذہ کے مسائل کا حل انہیں حقوق کی فراہمی اورمادر علمی کے وقار کی سربلندی ترجیحات میں شامل ہے ، گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) حامد شفیق

جمعہ 13 نومبر 2015 17:04

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء )گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) حامد شفیق نے کہا ہے کہ اساتذہ کے مسائل کا حل، انہیں حقوق کی فراہمی اور اس مادر علمی کے وقار کی سربلندی انکی ترجیحات میں شامل ہے ، مالی بحران کے باوجود اس ادارہ کو بہتر انداز سے چلانے کے لیئے ٹیم ورک جاری ہے اور مستقبل کی بہتری کے متعدد منصوبے زیر غور ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے گومل یونیورسٹی اساتذہ کی نمائندہ تنظیم گومل یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی سے خطاب کے دوران کیا، تقریب سے گواسا کے صدر محمد شعیب گنگوہی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اعجاز حسین نے بھی خطاب کیا، وائس چانسلر نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کے معزز ترین افراد میں سے ایک ہوتے ہیں، ایک مثالی استاد ہی نئی نسل کے لیئے قابل تکریم ہوتا ہے لہذا اساتذہ کی یہ زمہ داری ہے کہ وہ اس پیغمبرانہ پیشہ کی عظمت کو کبھی فرامو ش نہ کریں اور اپنے کردار کامثالی نمونہ پیش کرتے ہوئے طلبہ کو مستقبل کا ایک قابل فخر مسلمان اور پاکستانی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ مالی بحران کے خاتمے کے لیئے عملی کوششوں کا آغاز کیا جا چکا ہے، اساتذہ نے اس مادر علمی کے معاملات چلانے میں میری ہر ممکن مدد کی ہے، ہم نے یونیورسٹی کے مالی بحران پر قابو پانے کے لیئے اسلام آباد میں گومل یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جو منظوری کے آخری مراحل میں ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پشاور اور اسلام آباد میں یہ بات واضح طور پر کہی ہے کہ ایک بنگلہ میں قائم یونیورسٹی اور ایشیاء میں رقبہ کے لیئے سے وسیع و عریض گومل یونیورسٹی کا موازنہ کرنا اور ملازمین کی تعداد کا تناسب نکالنا زمینی حقائق کے منافی ہے، خدا کا شکر ہے کہ گورنر خیبرپختونخواہ سردار مہتاب احمد خان اور صوبائی حکومت نے متعدد امور پر ہمارا ساتھ دیا اور مجھے امید ہے کہ مستقبل میں بھی انکا تعاون ہمیں حاصل رے گا، انہوں نے کہا کہ ترقیوں کے منتظر اساتذہ کو ان کا حق دینے کے لیئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، چانسلر کی منظوری کے بعد جلد ہی سلیکشن بورڈز اور ترقیوں کا عمل شروع کردیا جائے گا اس ضمن میں معاملات آخری مراحل میں ہیں، انہوں نے کہاکہ تعلیمی شعبہ جات میں اساتذہ اور ملازمین کے بچوں کو تعلیم کی سہولت کی فراہمی ماضی کی پالیسی کے مطابق جاری رکھنے کا اعلان کیا جا چکا ہے،