بلدیاتی انتخابات کا دوسرامرحلہ ،سیکورٹی پلان پر نظر ثانی کیلئے چیف سیکرٹری سندھ سمیت اعلیٰ حکام اسلام آبادطلب

سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے باعث چیف الیکشن کمشنر نے سیکورٹی پلان پر ازسرنو غور کرنے کا فیصلہ کیاہے،صوبائی الیکشن کمشنرتنویرذکی

جمعہ 13 نومبر 2015 16:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سیکورٹی پلان پرچیف الیکشن کمشنرنے عدم اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے سیکورٹی پلان پرنظرثانی کے لیے چیف سیکرٹری سندھ ،صوبائی الیکشن کمشنرسمیت اعلیٰ حکام کوآج(ہفتہ) اسلام آباد طلب کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوٴں کی شکایات کے بعد چیف الیکشن کمشنرنے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سیکورٹی پلان پرنظرثانی کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت سندھ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں15 اضلاع میں سے صرف سانگھڑاوربدین ضلع کوانتہائی حساس قراردیے جانے پراپوزیشن نے الیکشن کمیشن سے احتجاج کیاتھا ۔اس ضمن میں صوبائی لیکشن کمشنر تنویزذکی کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنرکی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سیکورٹی پلان پرازسرنوغورہوگا۔چیف سیکرٹری سندھ ،آئی جی سندھ اورصوبائی الیکشن کمشنرکے علاوہ متعلقہ افسران کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں۔اجلاس ہفتہ کوالیکشن کمیشن اسلام آباد میں ہوگا ۔