پاک چین اقتصادی راہداری اورمواصلاتی رابطے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا،اقتصادی راہداری اور تاجکستان کے ساتھ مواصلاتی رابطے سے خطے کی معاشی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی

وزیراعظم نواز شریف کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 13 نومبر 2015 16:19

اسلام آباد/مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری اورمواصلاتی رابطے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا،اقتصادی راہداری اور تاجکستان کے ساتھ مواصلاتی رابطے سے خطے کی معاشی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی۔وہ جمعہ کو تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔

وزیراعظم نواز شریف اور تاجک صدر امام علی رحمانوف گورنر ہاؤس مری پہنچے ، جہاں دونوں رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ موجود تھے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف ‘ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور تاجک صدر امام علی رحمانوف کو بجلی کی ترسیل کے منصوبے کاسا 1000 پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو شاہرائیوں کے منصوبے پر بھی دونوں رہنماؤں کو بریفنگ دی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف منصوبوں پر اصولی اتفاق کیا گیا۔چیئرمین این ایچ اے نے تاجک صدر کو گوادر سے پشاور،کابل، قندوزاور دوشنبے روٹ کی تعمیر، خنجراب، کلاسو، مرغب روٹ اور چترال اشخاہم دوشنبے روٹ کی تعمیر اور کاسا 1000 منصوبے پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور تاجک صدر امام علی رحمانوف نے پاکستان اور تاجکستان کو زمینی رابطوں کے ذریعے ملانے کیلئے مختلف منصوبوں کی منظوری دی، دونوں رہنماؤں نے گوادر سے پشاور ،کابل ااور قندوز کے راستے دوشنبے تک سڑک منصوبے کی منظوری دی، خنجراب سے کلاسو، مرغاب منصوبہ، چترال سے اشخاہم اور دوشنبے سڑک منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی، تاجکستان کے صدر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نواز شریف نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اورمواصلاتی رابطے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا،اقتصادی راہداری اور تاجکستان کے ساتھ مواصلاتی رابطے سے خطے کی معاشی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی، تاجکستان کے ساتھ طے شدہ منصوبے خطے میں اقتصادی بہتری لائیں گے۔تاجک صدرامام علی رحمانوف نے پاکستان میں جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ تاجکستان مجوزہ منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت کرے گا۔