کشمیر علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ کشمیر یوں کے بنیاد ی حقوق اور حق خوداردیت کامعاملہ ہے، فاروق حیدر خان

جمعہ 13 نومبر 2015 14:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 نومبر۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور نظربند حریت راہنماؤں اور کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔مسئلہ کشمیر علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ کشمیر یوں کے بنیاد ی حقوق اور حق خوداردیت کامعاملہ ہے جسے کشمیری قوم کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں نریندری مودی حکومت کی انتہاپسندانہ پالیسیوں اور کشمیر یوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لیں۔ بھارتی وزیر اعظم کی لندن آمد پر تمام کشمیری پرامن مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لائے جا سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز صحافیوں سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔

تفصیلات کے مطابق راجہ محمد فاروق حیدر خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور بالخصوص مودی دور حکومت میں بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پرظلم و ستم کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے احتجاج سے خوفزدہ ہو کر کہیں حریت راہنماؤں کو نظر بند اور سیاسی کارکنوں کو پابند سلاسل کیا گیا

انسانی حقوق کی عالمی تنظمیں اس کا نوٹس لیں ۔

انہوں نے کہا کہ نریندری مودی حکومت اور اس کے اتحادی شیو سینا کی ہندوستان میں آباد اقلیتوں اور بالخصوص ہندوستان میں آباد مسلمانوں کے خلاف حالیہ کاروائیوں نے دنیا بھر میں انسانی حقوق اور جمہوریت کے علمبرداروں کو مضطرب کر دیا ہے بھارت اب زیادہ دیر تک سیکولرازم اور دنیا کی سب بڑی جمہوریت کا نقاب اپنے چہرے پر چڑھا کر نہیں رکھ سکتا۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ نریندر مودی اپنے دورہ برطانیہ کے دوران ایک صاف ستھرے اور جمہوریت پسند ہندوستان کا چہرے پیش کرنا چاہتے ہیں لیکن بھارت کا اقلیتوں کیساتھ ناروا سلوک اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آلودہ چہرہ دُنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ کشمیر یوں کے بنیاد ی حقوق اور حق خوداردیت کامعاملہ ہے جسے کشمیری قوم کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں برطانیہ میں آباد کشمیر تارکین وطن پر امن مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ہندوستان پردباؤ ڈالا جا سکے کہ وہ اپنے انتہاپسندانہ پالیسیاں ترک کرکے کشمیریوں کو استصواب رائے حق دے۔