پروٹیز کو دوسرا بڑا دھکچہ فٹنس مسائل کے باعث ورنن فلینڈر بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز آؤٹ

جمعہ 13 نومبر 2015 12:28

بنگلور۔13 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 نومبر۔2015ء)جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر ورنن فلینڈر فٹنس مسائل کی وجہ سے بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ورنن فلینڈر کا وارم اپ فٹ بال گیم کے دوران ساتھی کھلاڑی ڈین ایلگر کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں ٹخنہ زخمی ہوگیا ہے۔ جنوبی افریقہ ٹیم مینجر ڈاکٹر محمد موسیٰ جی کا کہنا ہے کہ ورنن فلینڈر کا فٹ بال کھیلتے ہوئے پاؤں مڑ گیا، انہیں شدید تکلیف میں سپورٹ سٹاف کے دو اراکین نے کندھے پر اٹھا کر پویلین پہنچایا۔

(جاری ہے)

ایم آر آئی سکین کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اور انہیں کل وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلینڈر کو مکمل طور پر فٹ ہونے میں آٹھ ہفتے درکار ہوں اس طرح وہ بھارت کے خلاف سیریز کے بقیہ ٹیسٹ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ جنوبی افریقن ٹیم کو بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران یہ دوسرا بڑا دھکچہ ہے، سٹار فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین کی بھی گروئن انجری کے باعث بنگلور ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کل ہفتہ سے ایم چناسوامی سٹیڈیم، بنگلور میں شروع ہوگا۔