وزیراعظم نے سانحہ پبلک سکول کے بعد آرٹیکل 245 لگانے کا اعلان کرکے خود مارشل لا منظور کیا‘آئی ایس پی آر کا اعلامیہ قانونی اور آئینی ہے ‘عوام کی ترجمانی کی گئی ‘جو سامنے آنا چاہے آجائے مناظرے کیلئے تیار ہوں

نجی ٹی وی کے پروگرام میں فیصل عابدی کا خورشید شاہ کو مناظر ے کا چیلنج

جمعہ 13 نومبر 2015 12:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) پی پی پی کے منحرف رہنما اور سابق صدرمملکت زرداری کے مشیر فیصل رضاعابدی نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی پریس ریلیز کو درست قرار دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو مناظر ے کا چیلنج دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کا اعلامیہ قانونی اور آئینی ہے جس میں عوام کی ترجمانی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جو سامنے آنا چاہے آجائے مناظرے کیلئے تیار ہوں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کا کبھی ضرب عضب پر اتفاق نہیں رہا ، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں ایک سال رہ گئی ہے ان کے جاتے ہی فوجی عدالتیں بھی ختم ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام سمجھتے ہیں کہ آپریشن فوج نے شروع کیا اور فوج ہی ختم کریگی۔فیصل رضا عابدی نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے سانحہ پبلک سکول کے بعد آرٹیکل 245 لگانے کا اعلان کرکے خود مارشل لا منظور کیا۔