زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی کامیابیوں اور عالمی سطح پر اس کی تیزی سے بڑھتی ہوئی درجہ بندی کے مداح ہیں، نائیجرین ہائی کمشنر

ماضی قریب میں درجنوں نائیجرین طلبہ زرعی یونیورسٹی میں زیرتعلیم رہے

جمعرات 12 نومبر 2015 23:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) نائیجریا کی صوبے سکوٹوکے سابق گورنر و سینیٹرڈاکٹر مگاتکارداایلوواماکونے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ساتھ زراعت‘ تعلیم اور فیکلٹی و سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام کے آغاز کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے زرعی ماہرین کے تجربات سے استفادہ کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ اپنی زرعی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری کیلئے لائحہ عمل مرتب کر سکے۔

پاکستان میں نائیجرین ہائی کمشنر داؤدادنلادی کے ہمراہ پانچ رکنی وفد کے ساتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں سے نیوسنڈیکیٹ ہال میں ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی کامیابیوں اور عالمی سطح پر اس کی تیزی سے بڑھتی ہوئی درجہ بندی کے مداح ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور نائیجریا کی تین زرعی جامعات کے ساتھ اشتراک عمل اور ایک دوسرے کے تجربات سے ا ستفادہ کیلئے نئے امکانات تلاش کئے جائیں گے ۔

سینیٹرڈاکٹر مگاتکارداایلوواماکونے کہاکہ نائیجرین صدر محمد بحاری کی قیادت میں زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے متعدد منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے جس سے اس اہم شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ سے دیہی ترقی کونئے توانائی ملے گی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ ماضی قریب میں درجنوں نائیجرین طلبہ زرعی یونیورسٹی میں زیرتعلیم رہے ہیں اور وہ خواہش رکھتے ہیں کہ مزیدنائیجرین طلبہ اعلیٰ تعلیم کیلئے زرعی یونیورسٹی کا رخ کریں۔

انہوں نے کہا کہ نائیجرین زرعی جامعات کے ساتھ مفاہمتی یادداشت یا معاہدے کی صورت میں اکیڈیمک و ریسرچ تعاون کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے جبکہ سٹوڈنٹس انٹرن شپ کے امکانات پر بھی غور کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے توسط سے زرعی یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق کے خواہش مند نائیجرین طلبہ کیلئے وظائف بھی مہیا کئے جا سکتے ہیں جس سے انہیں معمولی اخراجات کے ساتھ بین الاقوامی معیار کی تعلیمی و تحقیقی سہولیات مہیا ہونگی۔

انہوں نے بتایا کہ برٹش کونسل کے تعاون سے 24تا 25نومبر کیلئے ڈائس پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے جس میں پچاس سے زائد جامعات کے طلباء و طالبات اپنے بزنس آئیڈیاز کے ساتھ شریک ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ 24نومبر کو ڈائس کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی ہونگے جبکہ چیئرمین پی سی ایس ٹی ڈاکٹر انوار الحسن گیلانی اور ستارہ کیمیکل کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد ادریس افتتاحی سیشن کے مہمان مقررہونگے۔نائیجرین وفد نے بعد ازاں یونیورسٹی کی مختلف تحقیقاتی لیبارٹریوں اور ٹیکنالوجیز کا معائنہ بھی کیا

متعلقہ عنوان :