وسیم اختر کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد کی مون گارڈن کے متاثرین سے ملاقات

ایم کیو ایم مون گارڈن کے متاثرین کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کریگی ،وسیم اختر

جمعرات 12 نومبر 2015 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر متحدہ قومی موومنٹ کی سینٹرل ایگزیکٹیو کونسل کے انچارج وسیم اختر،رکن سی ای سی ابوبکرصدیقی، حق پرست اراکین قومی اسمبلی اقبال محمد علی اور ڈاکٹر نگہت شکیل پر مشتمل وفد نے مون گارڈن کے جبری بے دخل کئے جانے والے متاثرین سے ملاقات کی اوران سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مون گارڈن کے رہائشیوں کوایم کیوایم کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایااور کہا کہ اگر ان کوقانونی مشاورت کی ضرورت ہوتو ایم کیوایم لیگل ایڈ کمیٹی کی جانب سے انہیں مکمل قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح یک جنبش بہ قلم لوگوں کو بے دخل کیا جانا مسئلے کا حل نہیں ،اس کے لئے اگر کوئی ذمہ دارہے تو وہ بلڈر اورحکومتی اداروں کے لیز دینے والے افسران ہیں لہٰذاحکومت سندھ غریب رہائشیوں کے خلاف غیر آئینی ، غیر قانونی اور غیر انسانی طریقے استعمال کرنے کے بجائے ان لوگوں کو گرفتار کرے جو غریب عوام کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹ کرفرار ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متاثرین نے ایم کیو ایم کے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ہرمسئلے پرہمیشہ ایم کیوایم سب سے پہلے عوام کے ساتھ آکر کھڑی ہوتی ہے جس کے لئے ہم الطاف حسین کے انتہائی ممنون ومشکور ہیں۔اس موقع پر وسیم اختر نے قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی جانب سے مون گارڈن کے بے دخل کئے جانے والے رہائشیوں کے لئے کھانے اور منرل واٹر کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ، جس پر متاثرین نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہمیشہ کی طرح حق پرست نمائندے ہمارے حق کے لئے ہمارے ساتھ ہیں۔

متعلقہ عنوان :