سابق بھارتی وزیرخارجہ کی بی جے پی حکومت پر شدید تنقید

جمعرات 12 نومبر 2015 23:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء ) سابق بھارتی وزیر خارجہ اور اہم کانگریسی رہنماء سلمان خورشید نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو پاکستان کے خلاف سخت موقف اپنانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے جب کانگریس اقتدار میں تھی تو بی جے پی کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا تھا۔

جمعرات کواسلام آباد کے جناح انسٹیٹوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران سلمان خورشید نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنوبی ایشیاء میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی دوستانہ کوششوں کا جواب نہیں دیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اپنے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنا جرات مندانہ اور دور اندیشی پر مبنی فیصلہ تھا تاہم بی جے پی کی اتحادی حکومت اسلام آباد کی امن تجاویز پر مناسب تبادلے میں ناکام ہوگئی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 1947 کے بعد سے دنیا میں متعدد تنازعات کا حل تلاش کرلیا گیا مگر پاکستان۔ بھارت کا تنازع اب تک برقرار ہے۔سلمان خورشید کے خیال میں نریندر مودی اب تک سیکھ رہے ہیں کہ کیسے ریاست کے امور چلانے چاہئے اور اگر بھارت مذاکرات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہے تو اسے خیال رکھنا چاہئے کہ اسلام آباد کے جمہوری سیاسی نظام کو غیرمستحکم نہ کیا جائے۔

انکا کہنا ہے کہ ایک مستحکم اور کامیاب پاکستان بھارت کے مفاد میں ہے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا اگرچہ کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگردی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، پاکستان نے بذات خود اس کو نہیں پھیلایا ہے۔انہوں نے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ کی ستائش کی اور قبائلی علاقوں میں مشکل جنگ لڑنے پر فوج کے کردار کو تسلیم کیا۔

متعلقہ عنوان :