جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا

جمعرات 12 نومبر 2015 23:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کردی، تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے وفد کی شکل میں جامعہ بنوریہ کا دورہ کیا اور جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم سے ملاقات کی جس میں مفتی محمد نعیم نے بلدیاتی انتخابات میں کراچی کی سطح پر پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے یہ ضروری ہے کہ سیاست سے بالا تر ہوکر عوام کے مسائل کو ترجیح دی جائے اسی سوچ کے تحت ہم بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ اس موقع پر سینیٹرسعید غنی نے مفتی محمد نعیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی توقعات پر ہمیشہ پورا اتری ہے اور پورا اترے گی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور عوام ہی کی طاقت سے پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف ہر سازش ناکام ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی کے خاتمے کا خواب دیکھنے والوں کے خواب چکنا چور کردیے اور عوام نے ثابت کردیا کہ عوام صرف پاکستان پیپلز پارٹی کو ہی اپنے مسائل کا نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں سینیٹرسعید غنی کے ساتھ عابد ستی، علی احمد جان، اختر گل، مقصود عباسی اور مفتی محمد نعیم کے ساتھ مولانا طارق مدنی اور مولانا غیاث موجود تھے۔

بعدازاں سینیٹرسعید غنی نے یو سی میٹروول کے چیئرمین کے امیدوار علی احمد جان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا جہاں علی احمد جان نے اپنے وائس چیئرمین کے امیدوار عثمان غنی اور کونسلرز کے امیدوار محمد رحمان بخت، اشفاق تنولی، سردار حسین، نعیم کاکڑ اور شہزاد علی کے ساتھ ان کا بھرپور استقبال کیا اور میٹروول واٹر پمپ کا بھی دورہ کیا۔