ڈی جی سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگ کی تعیناتی کے حوالے سے دائر درخواست پرفریقین سے 15 روز میں جواب طلب

جمعرات 12 نومبر 2015 23:04

اسلام آباد ۔12 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 نومبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگ میں مستقل ڈائریکٹر جنرل کی عدم تعیناتی کے حوالے سے دائر درخواست پر وزارت خزانہ ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سمیت دیگر فریقین سے 15 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ پشاور کے رہائشی سعید خان کی درخواست کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگ میں مستقل ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کی بجائے وزارت خزانہ کے جوائنٹ سیکرٹری بجٹ وقار احمد کو اضافی چارج دیا گیا ہے ، اضافی چارج تین ماہ کے لئے دیا جا سکتا ہے اور اس میں تین ماہ کی توسیع کی بھی گنجائش ہے لیکن وقار احمد 26 جنوری سے اضافی چارج سنبھالے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ گریڈ 21 کی ہے جبکہ وقار احمد گریڈ 20 کے افسر ہیں۔ یہ ادارہ قومی اہمیت کا حامل ہے جو ایک سال سے مستقل ڈائریکٹر جنرل سے محروم ہے ، حکومت نے گزشتہ سال ڈی جی کی آسامی کے لئے اشتہار بھی دیا جس پر 53 درخواستیں موصول ہوئیں ۔ ابتدائی دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔