غیر قانونی کچی آبادی کیس کے مرکزی ملزم شاہد خان کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع

جمعرات 12 نومبر 2015 23:03

اسلام آباد ۔12 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 نومبر۔2015ء) جوڈیشل مجسٹریٹ و ڈیوٹی جج اسلام آباد ہمایوں دلاور نے غیر قانونی کچی آبادی کیس کے مرکزی ملزم شاہد خان کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کرتے ہوئے اسے ایف آئی کے حوالے کر دیا۔ ملزم سی بی اے یونین کے صدر اورنگزیب خان کا بیٹا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایف آئی اے نے ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد ڈیوٹی جج و جوڈیشل مجسٹریٹ ہمایوں دلاور کی عدالت میں پیش کیا اور موقف اپنایا کہ ملزم غیر قانونی کچی آبادیاں قائم کرانے میں پیش پیش تھا اور اس نے بھاری رشوت لے کر غیر قانونی کچی آبادیاں قائم کروائیں۔

ایف آئی اے نے ملزم سے مزید تفتیش اور دیگر ملوث افسران کی گرفتاری کے لئے آٹھ روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کی استدعا کی تاہم فاضل جج نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کرتے ہوئے اسے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔