ہمارا مشن سائلین کو فوری اور معیاری انصاف مہیا کر کے لاہور ہائیکورٹ کو ایشیاء کی بہترین ہائیکورٹ بنانا ہے،وکلاء حصول انصاف کیلئے جدوجہد کرتے ہیں ،ہما را فرض فراہمی انصاف ہے مگر ہماری منزل مشترکہ ہے

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس اعجاز الاحسن کا ہائیکورٹ بارکے استقبالیہ سے خطاب

جمعرات 12 نومبر 2015 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ہے کہ وکلاء حصول انصاف کیلئے جدوجہد کرتے ہیں اور ہما را فرض فراہمی انصاف ہے ، مگر ہماری منزل مشترکہ ہے کہ سائلین کو فوری اور معیاری انصاف مہیا کیا جائے،ہمارے پاس نہایت قابل اور محنتی جج صاحبان ہیں ، ہمارا مشن ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کو ایشیاء کی بہترین ہائی کورٹ بنائیں گے اور وکلاء کے بھرپور تعاون کی بدولت ہم اپنے مشن میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

وہ جمعرات کولاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے کراچی شہداء ہال میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرعدالت عالیہ کی پرنسپل سیٹ لاہور پر کام کرنے والے جج صاحبان، لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے عہدیداراور سینئر وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

فاضل چیف جسٹس نے استقبالیہ کے انعقاد پر بار عہدیداروں اور وکلاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ سائلین، بار او ر وکلاء کی امیدوں پر پورا اتر سکیں۔

فاضل چیف جسٹس نے ہماری اولین ترجیح سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ناصرف سائلین کا عدالتوں پر اعتماد بحال ہوبلکہ مزیدمضبوط ہو۔انہوں نے کہا عدالت عالیہ لاہورمیں بہترین جج صاحبان موجود ہیں اور قابل اور محنتی وکلاء کی بھی کمی نہیں ہے،وکلاء کے بھرپور تعاون کی بدولت تمام زیر التواء مقدمات کو نمٹاتے ہوئے جلد انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

فاضل چیف جسٹس نے کہا بنچ اور بار میں احترام اور عزت کا رشتہ قائم ہے اور یہ رشتہ ناصرف قائم رہے گا بلکہ مزید مظبوط ہوگا، انہوں نے کہا وکلاء رہنماؤں کی مشاورت سے عدلیہ اور بار کے تمام مسائل کو حل کریں گے۔ اس موقع پر صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن ،صدر سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن اور وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے خطاب کرتے ہوئے فاضل چیف جسٹس کوخوش آمدید کہا اور چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وکلاء رہنماؤں نے عدلیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کا بھی عزم کیا۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے عہدیداروں نے چیف جسٹس اعجازالاحسن اور سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ کو گلدستے بھی پیش کئے۔