قائم مقام چیئرمین نیب امتیاز تاجور کی زیر صدارت اجلاس ،نیب کی نئی عمارت کی تعمیراتی جگہ پر ترقیاتی کام میں پیشرفت کا جائزہ

جمعرات 12 نومبر 2015 22:12

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء ) قائم مقام چیئرمین قومی احتساب بیورو محمد امتیاز تاجور کی زیر صدارت جمعرات کو اجلاس منعقد ہوا جس میں نیب کی نئی تعمیر ہونے والی عمارت کی تعمیراتی جگہ پر ترقیاتی کام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس سے قبل چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے اس مجوزہ جگہ کا دورہ کر کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا تھا اور تعمیراتی کام میں معیار اور پیپرا رولز کے مطابق عمل درآمد سمیت دیگر امور کے حوالے سے احکامات جاری کئے تھے۔

اجلاس کے دوران ڈی جی نیب فاروق نصیر اعوان، ڈی جی پی ڈبلیو ڈی علی اکبر شیخ کے علاوہ کنٹریکٹر اور کنسلٹنٹ نے بتایا کہ چیئرمین نیب کے گزشتہ دورے کے موقع پر دیئے گئے احکامات کی روشنی میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جبکہ اس کا اسٹرکچر اور بیسمنٹ، لوئر گراؤنڈ فلور، فرسٹ فلور، سیکنڈ فلور، تھرڈ فلور، فورتھ فلور اور ففتھ فلور شیڈول کے مطابق مکمل کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

بیسمنٹ لوئر گراؤنڈ فلور میں برک ورک بھی مکمل ہو چکا ہے۔ شیشے کی تنصیب، پلستر، پی سی سی ورک، زیر زمین پانی کے نظام، المونیم فوائل کی فکسنگ کے علاوہ بجلی کا کام بھی جاری ہے۔ چیئرمین نیب امتیاز تاجور نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عمارت کا بیرونی اور اندرونی بجلی کا کام شیشے کی تنصیب اور آرٹیفیشل گرینائیٹ کی تنصیب، لفٹوں کی خریداری، پبلک ہیلتھ ورک، باؤنڈری وال کی تعمیر سمیت تمام کام کوالٹی اور معیار کے مطابق شیڈول کے تحت مکمل ہونا چاہئے۔

انہوں نے ڈی جی نیب ہیڈ کوارٹرز، ڈی جی پی ڈبلیو ڈی کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ منصوبے کا بقیہ تعمیراتی کام بھی شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے۔ مواد اور تعمیراتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بقیہ تعمیراتی کام کی ٹینڈرنگ اور ایوارڈ میں رسمی کارروائی مکمل کر کے حکومتی پالیسی اور قواعد کے مطابق شفاف طریقے سے یہ کام مکمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :