راولپنڈ ی میں ایک بار پھر ڈینگی میں کمی کا رجحان خوش آئند ہے، موجودہ صورت حال کے تناظر میں سرولنس ٹیمیں اپنا کام جاری رکھیں ، گھر گھر جا کر ڈینگی سے بچاؤ کا پیغام عام کیا جائے

وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر وسیم اکرم کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 12 نومبر 2015 22:08

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء ) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ راولپنڈ ی میں ایک بار پھر ڈینگی میں کمی کا رجحان ظاہر ہورہا ہے جو خوش آئند ہے لیکن موجودہ صورت حال کے تناظر میں سرولنس ٹیمیں اپنا کام زور و شور کے ساتھ جاری رکھیں ، گھر گھر جا کر ڈینگی سے بچاؤ کا پیغام عام کریں ،مکینوں کو حفاظتی اقدامات ، لاروا تلف کرنے اور ڈینگی سپاٹ ختم کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کریں تاکہ ڈینگی لاروا کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ․ انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں انسداد ڈینگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ․ اجلاس میں اے ڈی سی جی عمران قریشی , اے ڈی سی عارف رحیم , میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور دیگر سرکاری محکمو ں کے افسران نے شرکت کی․ ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ ڈینگی مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ کی جانے والی کمی بیشی سے کسی طرح بھی یہ تاثر نہیں لینا چاہیے کہ راولپنڈی سے ڈینگی ختم ہو گیا ہے ․ گھروں سے بدستور لاروا برآمد ہو رہا ہے جس سے ڈینگی کاخطرہ موجود ہے اور سرویلنس ٹیمیں ان حقائق کی روشنی میں اپنا کام جاری رکھیں ․ انہوں نے کہا کہ ڈینگی خاتمے کا ونٹر پلان بھی جلد تشکیل دے کر اس پر عملدرآمد کرایا جائے تاکہ جو ٹیمیں اس وقت فیلڈ میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں وہ اگلے سیزن کے لیئے مہلک ثابت ہونے والی ڈینگی کے انڈوں کو تلف کرنے اور پانی کے ذخیروں کی صفائی کے لیئے بھی لوگوں کو ترغیب دیں․ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ہولی فیملی ہسپتال میں ڈینگی کے 27 نئے مریض داخل ہوئے ہیں جس کے بعد ڈینگی مریضوں کی تعداد 60 ہو گئی ہے اسی طرح بینظیر بھٹو ہسپتال میں ڈینگی کے 76 مریض داخل ہیں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ڈینگی کے 20 مریض داخل ہیں․ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد نے بتایا کہ راولپنڈی کے تمام ٹاؤنز اور کنٹونمنٹ بورڈز میں ان ان ڈور سرویلنس ٹیمیوں نے گزشتہ روز 475 گھروں کے 10963مقامات سے پانی کے نمونے حاصل کیے جن میں سے 268 نمونوں میں لاروا پایا گیا ․ ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ انہوں نے رحیم آباد اور بعض دیگر علاقوں کا دورہ کیا جہاں ڈینگی کنٹرول کیمپ قائم ہیں ․ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈھوک منگٹال, کٹاریاں, اصغر مال سکیم , خرم کالونی , گنجمنڈی , ڈھوک کھبہ , ٹاہلی موہری , ڈھوک چوہدریاں , کیرج فیکٹری , قاسم مارکیٹ , ڈھوک منشی , کوٹھہ کلاں ․ گنگال اور گرجا کے علاقوں سے ڈینگی کے نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کے ڈینگی پازیٹو ہونے کا جائزہ لیا جا سکے۔


متعلقہ عنوان :