خیبر پختونخوا حکومت اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کا مواصلات ،توانائی کے شعبوں میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر اتفاق

صوبائی حکومت نے سوات موٹروے ،بجلی کی پیداوار کے متعدد منصوبوں کیلئے فیزی بلٹی رپورٹس مکمل کر لی ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 12 نومبر 2015 20:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا حکومت اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے صوبے میں مواصلات اور توانائی کے شعبوں میں بڑے ترقیاتی منصوبے باہمی اشتراک سے شروع کرنے پر اتفاق رائے کر لیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایف ڈبلیو اے کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل محمد افضال کی خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے ایف ڈبلیو او کی پیش کش کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ پاک فوج کے تعمیراتی ادارے ایف ڈبلیو او اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان ترقیاتی اشتراک عمل سے صوبے میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلیٰ معیار اور متوقع طور پر نسبتاً کم لاگت سے مقررہ مدت میں ان منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو و امداد و بحالی کے صوبائی محکموں کے حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ایف ڈبلیو او کو بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت کیلئے اس وقت قدرتی آبی وسائل سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے اور صوابی سے ملاکنڈ تک سوات موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ ترجیحی اہمیت کا حامل ہے اور صوبائی حکومت یہ منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی موجودہ حکومت کی پالیسی کے تحت ایف ڈبلیو او کے حوالے کرنے کیلئے تیار ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ایف ڈبلیو او کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے سوات موٹروے اور بجلی کی پیداوار کے متعدد منصوبوں کیلئے فیزی بلٹی رپورٹس مکمل کر لی ہیں اس لئے ایف ڈبلیو او ان رپورٹس کا جائزہ لے کر ان منصوبوں کی تکمیل کے عمل میں شرکت کے حوالے سے اپنی سفارشات غور کیلئے صوبائی حکومت کو پیش کرے۔ وزیراعلیٰ نے ایف ڈبلیو او کو پشاور بس ٹرمینل کو جدید بنانے کے بڑے منصوبے میں شرکت پر غور کرنے کیلئے بھی کیا۔

اجلاس کے دوران چترال میں زلزلہ اور سیلاب سے تباہ شدہ بنیادی سہولتوں کی بحالی کے منصوبے اور صوبائی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی سکیمیں بھی ایف ڈبلیو او کے ذریعے مکمل کروانے کیلئے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ان سکیموں پر کام کا آغاز رواں موسم سرما کے بعد مارچ2016 میں شروع کر دیا جائے گا وزیراعلیٰ نے چترال میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ میرخانی۔

ارندو روڈ کی مستقل بحالی میں صوبائی حکومت کے تعاون کا بھی یقین دلایا جس سے عوام کو سفر کی سہولیات کی دستیابی کے علاوہ علاقے میں سیاحت اور معدنیات کے شعبوں کو بھی فروغ ملے گا اُنہوں نے ڈی جی ایف ڈبلیو او کی جانب سے صوبائی حکومت کے "بلین ٹری سونامی ـ" پراجیکٹ کے تحت شجرکاری کی مہم میں حصہ لینے کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ وہ شجرکاری کیلئے ایف ڈبلیو او کو مطلوبہ مقدار میں پودے فراہم کرے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بتایا کہ رواں سال پراجیکٹ کے تحت 25 کروڑ پودے لگائے جارہے ہیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل محمدافضال نے صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے ان منصوبوں کی تکمیل میں تعاون کے علاوہ نشتر آباد پشاور میں فلیٹس کی تعمیرکا بھی یقین دلایا۔