حکومتی لیت و لعل کی وجہ سے فوج کو نیشنل ایکشن پلان پر تشویش کااظہار کرنا پڑا‘ پیر معصو م نقوی

وزرا آئی ایس پی آر کے بیان پر تنقید کی بجائے گورننس بہتر بنائیں‘ سربراہ جے یو پی نیازی کی عہدیداروں سے گفتگو

جمعرات 12 نومبر 2015 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء ) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملد رآمد کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے، جس کی وجہ سے فوج کو تشویش کا اظہار کرنا پڑا۔ وفاقی وزرا کا رویہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے جیسا ہے،انہیں چاہیے کہ آئی ایس پی آر کے بیان پر تنقید کرنے کی بجائے اپنی گورننس بہتر بنائیں۔

صوبائی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ حکومت کو اپنی کارکردگی بہتر بنانی چاہیے، تاکہ بوٹوں والوں کی آمد کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ میاں برادران اپنی شخصی آمریت سے باہر نکل آئیں، جمہوریت کو کچھ نہیں ہوگا ۔لیکن جمہوریت کے نام پر سول آمریت نافذ کردی گئی تو حکومت کے ہاتھ بھی کچھ نہیں رہے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بیروزگاری کے ستائے عوام حالات سے مایوس ہوتے جارہے ہیں۔

غریب کے لئے جسم اور روح کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوچکا ہے۔ کاروباری طبقہ حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہے، لاہور جیسے شہر میں آبادی کے بڑے حصے کو پینے کاصاف پانی میسر نہیں۔ جبکہ سرکاری خزانہ کمشن کھانے کے لئے پہلے میٹروبس اور اب اورنج ٹرین منصوبے کی نذر کیا جارہا ہے۔ لاہور کی صاف ستھری سڑکوں کو ری ماڈلنگ کے نام پر تباہ کردیا گیا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ کو شاہدرہ موڑ اور راوی پل پر روزانہ کھڑی ٹریفک نظر نہیں آتی۔ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو بھی بھول چکی ہے۔ کابینہ میں دہشت گرد بیٹھے ہوئے ہیں اور سانحہ ماڈل ٹاون کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لانے سے حکومت خائف ہے۔

متعلقہ عنوان :