خصوصی بچوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم و تربیت اور جدید آلات کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں‘آصف سعید منہیس

پنجاب انکلو سو ایجوکیشن پراجیکٹ کی مدد سے سپیشل طلباء و طالبات کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ انکی قابلیت اور صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور وہ نارمل سکولوں کے طلباء و طالبات کے ساتھ با آسانی علم حاصل کر سکیں‘صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن

جمعرات 12 نومبر 2015 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء ) صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن آصف سعید منیس نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم و تربیت، خوشگوار ماحول اور جدید آلات کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ نارمل سکول کے طلبہ و طالبات کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں ۔اس سلسلہ میں صوبہ بھر میں پنجاب انکلوسو ایجوکیشن پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

اس منصوبہ پر ایک ارب 20کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے جبکہ بہاولپور اور مظفر گڑھ ضلع میں یہ منصوبہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ان اضلاع میں 18کروڑ80لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔وہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ماڈل ٹاؤن اے میں پنجاب انکلو سو ایجوکیشن پراجیکٹ کے زیر اہتمام سپیشل ایجوکیشن کے ادارہ جات میں تشخیصی آلات فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن پنجاب محمد فاضل چیمہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی آئی ای پی ڈاکٹر شاہد سلیم، ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفتاب پیرزادہ،ای ڈی او ایجوکیشن چوہدری بشیر احمد، ڈ ی او سپیشل ایجوکیشن شاذی حشمت، ڈائریکٹرمانیٹرنگ ہما میر، مختلف سپیشل ایجوکیشن ادارہ جات کے سربراہ اورسپیشل طلباء و طالبات موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ سپیشل بچوں میں اعتماد اور صلاحیتوں کو اجاگر کرکے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب انکلو سو ایجوکیشن پراجیکٹ کی مدد سے سپیشل طلباء و طالبات کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ انکی قابلیت اور صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور وہ نارمل سکولوں کے طلباء و طالبات کے ساتھ با آسانی علم حاصل کر سکیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو رول ماڈل بنایا جائے گا تاکہ دوسرے صوبوں میں بھی یہ پراجیکٹ شروع ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مزید سپیشل اداروں کے قیام اور تعمیراتی کاموں پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سپیشل ادارے بنا کر سپیشل طلباء و طالبات کو داخلہ دیاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سپیشل طلباء کو 800سو روپے ماہانہ وظیفہ، مفت تعلیم،کتب،یونیفارم اور پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب انکلو سو ایجوکیشن پراجیکٹ ڈاکٹر شاہد سلیم نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سپیشل بچوں کو بلا امتیاز کوالٹی ایجوکیشن دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بہاولپور اور مظفر گڑھ میں پی آئی ای پی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیاہے اور آئندہ سال صوبہ کے 9اضلاع میں آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سکول اور پنجاب انکلو سو ایجوکیشن پراجیکٹ کے اشتراک سے ملتان، وہاڑی، لاہور، راولپنڈی، اٹک، جہلم، اور چکوال اضلاع میں سپیشل بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔ اس منصوبہ پر 19کروڑ20لاکھ روپے خرچ ہونگے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سپیشل بچوں کی سکریننگ اور ساتذہ کی ٹریننگ کا کام جاری ہے۔ ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن پنجاب محمد فاضل چیمہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں10لاکھ سپیشل بچے ہیں جنہیں تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ سپیشل بچوں کو داخل کرایا جا رہا ہے تاکہ انہیں باعزت روزگار حاصل کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ سپیشل تعلیمی اداروں کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم کی سہولیات دی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :