یو بی ایل این ٹی ڈی سی کو نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن کیلئے 17 ارب روپے قرض دیگا

جمعرات 12 نومبر 2015 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء ) یونائیٹڈ بنک لمیٹڈ (UBL) قومی ترسیلی نظام کے ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی ایل) کو 500 کے وی نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کیلئے سنڈیکیٹڈ مالی سہولت (Syndicated Term Facility) کے تحت 17 ارب روپے قرض دے گا۔ یو بی ایل کی طرف سے 13 ارب اور بنک الحبیب کی طرف سے 4 ارب روپے شامل ہیں۔

یونائیٹڈ بنک لمیٹڈ (UBL) کے کراچی ہیڈ آفس میں پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں یو بی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر وجاہت حسین، منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی ایل انجینئر محمد ارشد چودھری سمیت این ٹی ڈی سی ایل اور یو بی ایل کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔این ٹی ڈی سی یہ رقم 969 میگاواٹ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی ترسیل کیلئے 275 کلومیٹر طویل 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر اور 500 کے وی گکھڑ گرڈ سٹیشن پر 2 لائن بیز (Line Bays) اور شنٹ ری ایکٹر (Shunt Reactor) کی تنصیب پر خرچ کرے گی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر یو بی ایل وجاہت حسین نے کہا کہ یہ لینڈ مارک ٹرانزیکشن یونائیٹڈ بنک لمیٹڈ کی طرف سے ملک میں انرجی انفراسٹرکچر کی ترقی کی طرف ایک اہم قدم ہے اور ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے حکومتی کاوشوں کا ساتھ دینے کیلئے یو بی ایل کے پُرعزم ہونے کا ثبوت ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی ایل انجینئر محمد ارشد چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ دو مرحلوں (Phases) میں مکمل کیا جارہا ہے۔

پہلے فیز (Phase) میں نیلم جہلم تا ڈومیلی (روات) 145 کلومیٹر لمبی ٹرانسمیشن لائن تعمیر کی جائے گی جبکہ دوسرے فیز (Phase) میں ڈومیلی تا گوجرانوالہ 130 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن تعمیر کی جائے گی۔ این ٹی ڈی سی نے پہلے ہی اس ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کا کام شروع کر رکھا ہے ۔ پہلے مرحلے پر کام تیزی سے جاری ہے اور این ٹی ڈی سی انجینئرز اس انتہائی اہمیت کے حامل ٹرانسمیشن لائن منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کیلئے مشکل ترین علاقوں میں دن رات مصروف ہیں۔ انجینئر محمد ارشد چودھری نے یونائیٹڈ بنک کی انتظامیہ کا مذکورہ منصوبے کیلئے قرض کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا اور یو بی ایل ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔