بندو ق کے ذریعے وزیر اعظم کو ہٹانے کا دور گذر چکا ، سیاسی جماعتیں مفادات سے بالاتر جمہوری استحکام کے لئے کام کریں جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 نومبر 2015 20:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے واضح کیا ہے کہ ملک کا مستقبل جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی سے ہی وابستہ ہے۔ عوام کسی طالع آزما کو قبول نہیں کریں گے۔ گورننس افسوسناک ہے ،لیکن اداروں کاایک دوسرے پر سبقت کے لئے ٹکراو کا تاثر خطر ناک ہوگا۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ پاکستان سے آمریت کا جنازہ نکل چکا ہے۔

جنر ل پرویز مشرف کو جس ذلت کا سامنا کرنا پڑا تھا اس سے انداز ہ ہوجانا چاہیے کہ سیاسی جماعتیں، وکلا ، تاجر اور عوام جمہوریت پسند ہیں۔ پارلیمنٹ ہی بالا دست ادارہ ہے جو عوام کو جوابدہ ہے۔ معاملا ت ٹکراو کی پالیسی اختیار پر ہی خراب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی گورننس خراب ہونے کے باوجود کسی دوسرے ادارے کو تنقید کرنے کا حق نہیں۔

عوام انتخابات میں صرف سیاسی جماعتوں کا ہی نہیں، سیاستدانوں کا بھی احتساب کرتے ہیں، اب تو میڈیا نے مزید شعور پیدا کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں نے پہلے بھی مشکل وقت میں جمہوریت کا ہی ساتھ دیا تھا، آئندہ بھی دیں گے لیکن میرا خیا ل ہے کہ اداروں میں ٹکراو کی نوبت نہیں آئے گی۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ حکومت پر تنقید سیاسی جماعتوں اور اپوزیشن کا حق ہے۔

اداروں کو اپنی حدود میں ہی رہنا چاہیے۔ اب بندو ق کے ذریعے وزیر اعظم کو ہٹانے کا دور نہیں رہا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر بھی زوردیا کہ وہ ذاتی اور پارٹی مفادات سے باہر نکل کر جمہوریت کے استحکام کے لئے کام کریں۔ تاکہ کسی کو آمریت کے نفاذ کا موقع نہ ملے۔ ان کا کہنا تھاکہ جمہوریت کے تسلسل اور سیاسی استحکام پر تمام اداروں کا اتفاق ہے۔ اس سے انحراف ممکن نہیں۔ اب آزاد میڈ یا اورعدلیہ کی موجودگی میں کسی طالع آزما کو آئین سے کھلواڑ کرنے کی جرات نہیں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :