مضبوط اورمستحکم پاکستان علاقائی امن و سا لمیت کے لئے ناگزیر ہے ، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں ،، اراکین پارلیمان کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے،، تاجکستان کی پارلیمنٹ پارلیمانی سفارتکاری کا حصہ بننا چاہتی ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہے

پاکستان تاجکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،ایازصادق

جمعرات 12 نومبر 2015 20:33

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء ) تاجکستان کے صدر امام علی رحمن نے کہاہے کہ ان کاملک پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مزید مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیکر وسعت دینے کا خواہاں ہے ، تاجکستان کی پارلیمان پاکستان کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور پارلیمانی سفارتکاری کا حصہ بننا چاہتی ہے ، اراکین پارلیمان کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے ، دونوں ممالک کے اراکین پارلیمان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، دونوں ممالک کی تجارتی برادری مسلسل رابطے میں ہے اور مختلف تجارتی معاہدے بھی تشکیل پا چکے ہیں۔

تاجکستان کے صدر نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو یہاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، پارلیمانی اور معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تاجکستان کے صدر کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور مزید مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیکر وسعت دینے کی خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجکستان کی پارلیمان پاکستان کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور پارلیمانی سفارتکاری کا حصہ بننا چاہتی ہے ۔ انہوں نے اراکین پارلیمان کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تجارتی برادری مسلسل رابطے میں ہے اور مختلف تجارتی معاہدے بھی تشکیل پا چکے ہیں۔تاجکستان کے صدر نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اورسردار ایاز صادق کو دوبارہ سپیکر کے منصب پر فائز ہونے پر مبارک باد دی۔سپیکرسردار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک مذہب، اخوت ، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور پاکستان تاجکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ا ور پارلیمانی و معاشی تعلقات کو فروغ دیکر دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک اہم علاقائی و عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور تاجکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔سپیکر نے تاجک صدر سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع حاصل ہونگے اور باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی تعلقات کے فروغ کے لئے سیاسی اور تجارتی شعبوں میں سرگرمیاں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے تاجک صدر کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائم پاک تاجک دوستی گروپ کی تشکیل سے بھی آگاہ کیا ۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لئے عوامی سطح پر رابطوں میں اضافے اورتجارتی ، ثقافتی اور ادبی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اپنے تاجک ہم منصب کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

متعلقہ عنوان :