ملک کی ترقی سے متعلق وزیر اعظم کے وژن میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کا بنیادی کردار ہے‘ حکومت خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت کواپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے‘تہذیب یافتہ معاشرے ایسے افراد کی فلاح وبہبود کا خصوصی خیال رکھتے ہیں

جمعرات 12 نومبر 2015 20:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی قیاد ت آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی سے متعلق ایک وژن رکھتی ہے اور اس وژن کو عملی جامہ پہنانے میں وہاں کے نوجوانوں اور کشمیری عوام کا خصوصی کردار ہے ۔ وہ جمعرات کو یہاں پروفیسر محمد الیا س ایوب کی سربراہی میں آزادکشمیر ایسوسی ایشن آف بلائنڈ کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے ۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت اسپیشل افراد کی تعلیم و تربیت اور اُن کو ملک کا ذمہ دار شہری بنانااپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور اس ضمن میں اسپیشل افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ آزادکشمیر ایسوسیشن آف بلائنڈ اسپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے جس کے لیے وہ خراج تحسین کی مستحق ہے۔

ایک قلیل عرصے میں یہ ایسوسیشن جس طرح ایک مستند ادارہ بن کر سامنے آیا ہے اُس میں بے شک اس کے منتظمین کی ان تھک کوششیں شامل ہیں۔وفاقی وزیرنے کہاکہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم اپنے اسپیشل افراد کی تعلیم و تربیت کے لیے اس قسم کے اداروں کی حوصلہ افزائی کریں اور حکومت کے علاوہ پرائیوٹ سیکٹر کو بھی اس کا رخیر میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہیے ۔

اُنہوں نے کہا کہ اچھے اور تہذیب یافتہ معاشرے کی یہ پہچان ہوتی ہے کہ وہ اپنے اسپیشل افراد کی فلاح وبہبود کا خصوصی خیال رکھتے ہیں اور اُن کو اپنے اندر پائی جانے والی کسی قسم کی کمی کا احساس نہیں ہونے دیتے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسپیشل افراد کی معاشی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت انہیں موذوں سرکاری ملازمتوں میں بھی فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ معاشرے کے فعال شہری بن سکیں۔وفاقی وزیر نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وہ اسپیشل افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے بذات خود آزادکشمیر ایسوسی ایشن آف بلائنڈ کا مستقبل قریب میں دورہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :