یونس خان کے اچانک ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ،شہریارخان

جمعرات 12 نومبر 2015 20:00

یونس خان کے اچانک ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ،شہریارخان

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار12نومبر۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریارخان نے مایہ ناز بلے باز یونس خان کی جانب سے ٹیم میں واپسی کے بعد صرف ایک میچ کھیل کر ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ ایک کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ مجھے نہ صرف ان کے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر مایوسی ہوئی بلکہ جس وقت یہ فیصلے کیا گیا اس پر بھی مایوسی ہوئی ۔

(جاری ہے)

یونس خان بہترین کارکردگی دکھارہے تھے اس لیے سلیکٹروں نے محسوس کیا کہ انھیں دوبارہ ون ڈے میچز کھیلنے چاہیے تاہم میرے لیے یہ حیران کن تھا کہ انہوں نے اسی روز ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔ پی سی بی سربراہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ ون ڈے فارمیٹ میں 7249 رنز بنانے والے یونس خان کے لیے اچھی طرح الوداع کرنے کے لیے انتظام کرے گا ۔ یاد رہے کہ 37 سالہ یونس خان نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے طویل عرصے بعد ٹیم میں شامل کئے جانے کے بعد ابو ظہبی میں پہلے ہی میچ سے قبل حیرت انگیز طورپر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا ۔ یونس خان اپنے آخری ایک روزہ میچ میں صرف 9 رنز بناسکے تاہم قومی ٹیم نے یہ میچ چھ وکٹوں سے باآسانی جیت کر ان کے لیے یادگار بنا دیا ۔