صنعت کے شعبے کو ترقی دینا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ،وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم خان

جمعرات 12 نومبر 2015 19:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان نے کہا ہے کہ صنعت کے شعبے کو ترقی دینا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں صوبے بھر میں مزید سمال انڈسٹریز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں سمال انڈسٹریز ڈیویلپمنٹ بورڈ سے متعلق بریفنگ کے دوران کیا۔

اس موقع پر سمال انڈسٹریز ڈیویلپمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹررشید خان پائندخیل ،ڈپٹی ڈائریکٹڑ افتخار خان کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کو سمال انڈسٹریز ڈیویلپمنٹ بورڈ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔معاون خصوصی نے سمال انڈسٹریز ڈیویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے چھوٹے صنعتکاروں کومراعات اور سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور میں میگا انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جارہی ہے جس میں چھوٹے صنعتکاروں کو مالکان حقوق کے بنیاد پر پلاٹ فراہم کئے جائینگے جن میں تمام سہولیات فراہم کی جائینگی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں چھوٹے کیلئے وافر مقدارمیں ایسے مواقع موجود ہیں جن سے وہ بھرپور استفادہ کرتے ہوئے صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے چھوٹے صنعتی یونٹوں کے قیام سے بے روزگاری کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع سوات میں انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام بھی زیر غور ہے اور اس کے علاوہ ضلع چارسدہ میں جدید انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے سیالکوٹ کے ہنر مندوں سے مدد لی جائیگی جو یہاں کے مقامی لوگوں کو تربیت دیں گی۔

متعلقہ عنوان :