انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے 16رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان ،حیران کن طور پر عمر اکمل کو ڈراپ کردیا گیا

عمر اکمل کی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی وجہ سے انہیں ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ‘ چیف سلیکٹر ہارون رشید

جمعرات 12 نومبر 2015 18:05

انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے 16رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان ،حیران ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔12 نومبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے 16رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس سے حیران کن طور پر عمر اکمل کو ڈراپ کردیا گیا ،بوم بوم شاہدخان آفریدی کوکپتان برقراررکھاگیاجبکہ سرفراز احمد کی واپسی ہوئی ہے ۔ترجمان پی سی بی کے مطابق شاہد آفریدی کو 16رکنی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، رفعت اﷲ مہمند، شعیب ملک، صہیب مقصود، افتخار احمد، محمد رضوان، سرفراز احمد، انور علی، عمران خان جونیئر، محمد عرفان، سہیل تنویر، وہاب ریاض اور عامر یامین شامل ہیں۔

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پشاور سے تعلق رکھنے والے رفعت اﷲ مہمند اور اور افتخار احمد کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پی سی بی کے مطابق عماد وسیم کو اسکواڈ میں شمولیت کیلئے اپنی فٹنس ثابت کرنا ہو گی اور اگر وہ فٹنس ثابت نہ کرسکے تو آل راؤنڈر بلال آصف ان کی جگہ لیں گے۔انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کیلئے اعلان کردہ ٹیم سے سب سے حیران کن اخراج عمر اکمل کا ہے جو زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری میچ میں مین آف دی میچ رہے تھے۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید کے مطابق عمر اکمل کی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی وجہ سے انہیں ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ۔پاکستان اور انگلینڈ مابین تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ جمعرات 26نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے شروع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :