کامونکے، ٹرک ،گدھا گاڑی میں تصادم ،خانہ بدوش حاملہ خاتون موقع پر جاں بحق

جمعرات 12 نومبر 2015 18:05

کامونکے(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔12 نومبر۔2015ء)ٹرک اور گدھا گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں خانہ بدوش حاملہ خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی،بتایا گیا ہے کہ نواحی گاؤں منڈیالہ تیگہ کی خانہ بدوش بیس سالہ ظفراں بی بی اپنی نند زہری بی بی دیور امانت اور بہنوئی دھنی کے ہمراہ کامونکے آئی ہوئی تھی اور گذشتہ روز صبح چار بجے وہ واپس گاؤں جانے کے لیے جی ٹی روڈ پاک ٹاؤن کے بالمقابل گوجرانوالہ کی جانب سے آنے والی گدھا گاڑی سے لفٹ لی اور اُس پر سوار ہو کرمین بازار پہنچے تو عقب سے آنے والے تیز رفتار ٹرک نمبرJG/2762نے بے قابو ہو کر ٹکر مار دی جس سے ظفراں بی بی موقع پر جاں بحق ہو گئی اور معجزانہ طور پر باقی سوار زخمی ہونے سے بچ گئے جبکہ گدھا بھی ٹرک کی زد میں آکر ہلا ک ہو گیا اور ٹرک ڈرائیورٹرک سمیت موقع سے فرار ہوگیا ،سٹی پولیس نے متوفیہ کی نعش قبضہ میں لے کر سرسری ملاحظہ کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دی اور ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔