پاکستان میں اقلیتوں کو اتنے ہی حقوق حاصل ہیں جتنے مسلمانوں کو ہیں،سردار محمد یوسف

ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی سمیت دیگر اقلیتی برادری کے تہواروں کو بھی سرکاری سطح پر منایا جائیگا،وفاقی وزیر کا دیوالی کی تقریب سے خطاب

جمعرات 12 نومبر 2015 17:59

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔12 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہندؤ ں سمیت تمام اقلیتی برادری اس ملک کا حصہ ہیں ۔انہیں بھی اتنے ہی حقوق حاصل ہیں جتنے پاکستان میں رہنے والے مسلمانوں کو ہیں ۔دیوالی خوشی کا تہوار ہے جو خزاں کے موسم میں محبت کا اظہار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں ہندو برادری کے تہوار دیوالی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر متروکہ املاک وقف کے چیئرمین صدیق الفاروق سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی سمیت دیگر اقلیتی برادری کے تہواروں کو بھی سرکاری سطح پر منایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگ اتحاد و اتفاق اور یکجہتی سے رہتے ہیں اور تمام مذاہب کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں شریک ہوں تاکہ امن کا پیغام پوری دنیا میں جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدام کررہی ہے اور ان پر ظلم و زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدام سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔ آج کراچی میں روشنیاں بحال ہوگئی ہیں ۔دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنا کردار ادا کریں ۔

اس موقع پر متروکہ املاک وقف کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا کہ دیوالی اندھیرے میں روشنی کا پیغام ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہندو برادری کے مذہبی تہوار میں تمام مذاہب کے لوگ شریک ہیں ،جس سے یہ پیغام پوری دنیا میں جاتا ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہیں ۔اس موقع پر مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات نے دیوالی کے حوالے سے ٹیبلوز پیش کیے ۔وفاقی وزیر نے اپنی وزارت کی جانب سے اقلیتی برادری کے لیے ایک ایمبولینس عطیہ کرنے کا اعلان کیا ۔جبکہ ٹیبلو پیش کرنے والے بچوں کے لیے 5لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :