Live Updates

گڈ گورننس فوج کا نہیں عوام کا مطالبہ ہے ،عوام کو فرسودہ جاگیردارانہ نظام سے نجات دلائیں گے،عمران خان

جمعرات 12 نومبر 2015 16:54

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ گڈ گورننس فوج کا نہیں بلکہ عوام کا مطالبہ ہے ۔ سندھ کے عوام کو فرسودہ جاگیردارانہ نظام سے نجات دلانے آئے ہیں۔بلدیاتی انتخابات میں پولیس اور انتظامیہ مداخلت کررہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات سے پہلے ہی ایم کیو ایم کو کیسے علم ہے کہ کراچی اور حیدر آباد سے میئر ان کا ہوگا۔

انتخابات کے تیسرے مرحلے کی مہم چلانے خود کراچی آوٴں گا ۔ وہ جمعرات کو کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔قبل ازیں عمران خان جب کراچی پہنچے تو پارٹی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا بعدازاں وہ عمرکوٹ روانہ ہوگئے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ کے عوام کو فرسودہ جاگیردارانہ نظام سے نجات دلانے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے مداخلت کررہی ہے ۔صوبے میں تبدیلی کی ضرورت ہے ۔اندرون سندھ اور کراچی کو آزاد کرائیں گے ۔ انتخابی مہم کے لئے سندھ کا بھرپور دورہ کروں گا۔سندھ میں بے اختیار بلدیاتی نظام لایا گیا ہے اس بلدیاتی نظام میں عوامی نمائندوں کی بجائے تمام اختیارات وزیر اعلیٰ کے پاس ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سب پرانی سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوگئی ہیں ۔ کراچی آمد کا مقصد عوام کو تبدیلی اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف متحرک کرنا ہے جبکہ تحریک انصاف ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے امیر شہر میں پانی نہیں ہے ۔لاہور میں میٹرو منصوبے کے بعد اورنج لائن سروس بنائی جا رہی ہے۔ ٹرانسپورٹ کی سب سے زیادہ ضرورت کراچی کو ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آج بھی اختیارات میں سب سے بڑی رکاوٹ اسٹیٹس کو ہے۔ بلدیاتی انتخاب میں پنجاب میں 11 اور سندھ میں 4 کارکنان مارے گئے۔ پولیس آج بھی بلدیاتی انتخاب میں مخالفین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے میں مصروف ہے ۔نئے پاکستان میں پولیس کا نظام سندھ اور پنجاب جیسا نہیں خیبر پختونخوا جیسا ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ گڈ گورنس صرف فوج کا مطالبہ ہی نہیں بلکہ عوام بھی یہی چاہتے ہیں ،پورا ملک کہہ رہا ہے کہ گورننس ٹھیک کرو۔

امن و امان کی صورت حال بہتر نہیں ہوگی تو عوام کو روزگار کیسے ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ غریب کو غریب تر اور امیر کو امیر تر بنایا جا رہا ہے ۔ نئے ٹیکسوں سے غربت میں مزید اضافہ ہو گا ۔ نئے پاکستان میں مزیداسپتال بنائیں گے ،جن میں کسی کی مداخلت نہیں ہوگی اوروہ بلدیاتی اداروں کے ماتحت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب ایک مرتبہ پھر متنازعہ ہوگیا ہے ۔

حلقہ این اے 122کے ضمنی انتخاب کے دوران ووٹر لسٹوں میں دھاندلی کی گئی اور ہزاروں ووٹوں کو حلقے سے منتقل کردیا گیا ۔ووٹرووٹ کسی کو ڈلتا ہے اور جیت کوئی اور جاتا ہے ۔یم کیو ایم کے تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے ہی ایم کیو ایم کو کیسے علم ہے کہ کراچی اور حیدر آباد سے میئر ان کاہوگا۔ تیسرے مرحلے کی مہم چلانے خود کراچی آوٴں گا مجھے پتہ ہے کہ یہاں کے عوام کا ٹمپریچر کیسے ہائی کرنا ہے۔ کراچی کے عوام کو بہتر جانتا ہوں لوگوں کو تبدیلی کے لئے تیار کیا جائیگا

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :