کراچی ،مون گارڈن کے مکین بیدخلی کیخلاف سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئے

سپریم کورٹ کے فیصلے تک مکینوں کو بے دخل نہ کیا جائے،درخواست گزار

جمعرات 12 نومبر 2015 16:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع مون گارڈن کے مکین بیدخلی کیخلاف سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئے، درخواست لئیق احمد سمیت 9 درخواست گزاروں نے دائر کردی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں مون گارڈن کی ایک درخواست زیر التوا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے تک مکینوں کو بے دخل نہ کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلٹی سروسز کی فراہمی نہ روکی جائے، اور انتظامیہ کو فلیٹ منہدم کرنے سے روک دیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ علاقے میں واقع مون گارڈن ریلوے کی زمین پر بنایا گیا تھا جس پر عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے فلیٹ کو خالی کرانے کا حکم دیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کرنے والے مون گارڈن کے متاثرین کا کہنا تھا کہ سرکاری حکام اور بلڈرز نے مل کر انہیں دھوکا دیا جب کہ ان کے پاس قانونی دستاویزات ہیں اس لئے انہیں بے دخل نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ان فلیٹس پر ہماری زندگی بھر کی جمع پونچی لگی ہے اس لئے بے دخل نہیں ہوسکتے اور اگر کارروائی کرنا ہے تو ان اداروں کے خلاف کریں جنہوں نے زمین کی لیز اور نقشہ پاس کیا تاہم فلیٹس متاثرین عدالت میں دائر درخواست میں فریق بننا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :