پنجاب اور سندھ کے 27اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تیاریاں عروج پر ، پولنگ 19نومبر کو ہوگی

جمعرات 12 نومبر 2015 15:29

لاہور /حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) پنجاب کے 12اور سندھ کے 15اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ،دونوں اضلاع میں پولنگ 19نومبر ( جمعرات ) کو ہو گی ، پنجاب میں 27چیئرمین وائس چیئرمین 894جنرل کونسلر پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے جبکہ سندھ میں 17یوسیز اور وارڈز کے پینلز بھی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

صوبہ پنجاب میں دوسرے مرحلے کے لیے 12اضلاع کے ایک کروڑ 37لاکھ سے زائد ووٹر تین میونسپل کارپوریشنز، چونسٹھ میونسپل کمیٹیوں اور ایک ہزار سے زائد یونین کونسلز پر امیدواروں کا انتخاب کریں گے ۔دوسرے مرحلے میں سرگودھا،ساہیوال،گوجرانوالا، اٹک، جہلم، چنیوٹ، منڈی بہاؤ الدین،حافظ آباد، میاں والی،ٹوبہ ٹیک سنگھ،شیخوپورہ اور خانیوال شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس مرحلے میں گوجرانوالا ،ساہیو ال اور سرگودھا میں میونسپل کارپوریشنز میں 107شہری کمیٹیاں بنائی گئیں ہیں جس کے منتخب چیئرمین کارپوریشن کے ممبر بن جائیں گے ۔بارہ ڈسٹرکٹ کونسل کے قیام کے لیے 995یونین کونسل کے چیئرمین ضلع کونسل کے رکن بن جائیں گے تمام یونین کونسل میں وارڈز کی کل تعداد 6ہزار 612ہے شہری علاقوں میں 64میونسپل کمیٹیوں میں ممبران کے براہ راست انتخاب کے لیے 1297وارڈز بنائے گئے ہیں۔

دوسرے مرحلے میں میونسپل کارپوریشن میں شہری کمیٹیوں اور دیہی علاقوں میں قائم ایک ہزار 102یونین اور شہری کونسل میں چیئر مین وائس چیئرمین کے پینل پر 4ہزار 306امیدوار میدان میں ہیں ۔ 27چیئرمین وائس چیئرمین کو پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب قرار دیا گیا ہے۔ یونین کونسل اور میونسپل کمیٹیوں میں قائم 7ہزار 909وارڈز میں جنرل کونسلرز کو منتخب کرنے کے لیے 23ہزار238امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 894جنرل کونسلر پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

دوسرے مرحلے کے لیے ان اضلاع میں 11ہزار 906پولنگ اسٹیشنز میں 35ہزار سے پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے جہاں پر ایک کروڑ 37لاکھ 2ہزار107مرد اور خواتین ووٹرز اپنا حق استعمال کریں گے۔ پنجاب کے دیہی علاقوں میں ایک ووٹر یونین کونسل کے ممبران اورچیئرمین وائس چیئرمین کا انتخاب کریں گے جبکہ شہرمیں میونسپل کمیٹی کی سطح پر وارڈ سے کونسلر کو منتخب کریں گے۔

جبکہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے سندھ کے 15اضلاع میں بھی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،8لاکھ 5ہزار 200ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں سندھ کے دوسرے بڑ ے شہر حیدرآباد میں میونسپل کارپوریشن ، ڈسٹرکٹ کونسل، دو میونسپل کمیٹیز اور ایک ٹاؤن کمیٹی کیلئے پولنگ انیس نو مبر کو ہوگی ، جس میں 12سو 38 امیدوار حصہ لیں گے ،17یوسیز اور وارڈز کے پینلز بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں، بدین، دادو، حیدرآباد، جامشورو، مٹیاری، میرپورخاص، نوشہروفیروز،سجاول، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، ٹنڈوالہیار، ٹنڈ و محمد خان، تھرپارکر، ٹھٹہ اور عمر کوٹ میں میدان سجے گا جس میں آٹھ لاکھ پانچ ہزار دو سو ووٹرز اپنا ووٹ ڈالیں گے۔