لندن کے اسرائیل نواز میئرکی فلسطین آمد، سرکاری اداروں ، جامعات، نجی اداروں کا بائیکاٹ

جمعرات 12 نومبر 2015 14:47

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) برطانوی دارالحکومت لندن کے اسرائیل نواز میئر بوریس جنسن گزشتہ روز فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر رام اللہ پہنچے مگرفلسطین کے سرکاری اداروں، جامعات اور نجی اداورں نے بھی بائیکاٹ کیا۔ بوریس جنسن کے اسرائیل نواز بیان پر فلسطینی عوام میں سخت غم وغصہ کی فضاء پائی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بوریس جنسن نے دو روز قبل اپنے دورہ اسرائیل کے دوران ایک بیان میں اسرائیل کوجمہوری ریاست قرار دیا تھا۔ ان کے اس بیان پر فلسطینی عوام میں سخت برہمی پائی جا رہی ہے۔رام اللہ میں فلسطینی وزیر تعلیم صبری صیدم نے کہا کہ انہوں نے برطانوی میئر کے رام اللہ آمد پرانہیں خوش آمدید نہ کہنے اور ان کا سرکاری سطح پر استقبال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بوریس جنسن نے ایک ایسے وقت میں فلسطین کا دورہ کیا ہے جب دوسری جانب اسرائیلی فوج نے فلسطینی عوام بالخصوص جامعات کے طلباء کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا شروع کر رکھا ہے۔ مسٹر جنسن کی آمد کے وقت فلسطینی عوام اسرائیلی فوج کی وحشیانہ دہشت گردی کا شکار ہیں اور وہ صہیونی قابض ریاست کو مشرق وسطیٰ کی بہترین جمہوریت ریاست ہونے کی سند جاری کررہے ہیں۔ اس لئے ہم ان کا استقبال نہیں کریں گے۔