پاکستان سٹیل ملز کی جلد نجکاری کردی جائے گی،ای سی سی سے سمری منظور ہوتے ہی ملازمین کی تنخواہیں ادا کردی جائیں گی، واجبات کی ادائیگی تک گیس کی فراہمی بحال نہیں کی جاسکتی، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل

جمعرات 12 نومبر 2015 14:34

اسلام آباد ۔12نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کی جلد نجکاری کردی جائے گی‘ سٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہوں کا ماہانہ بل 480 ارب روپے ہے‘ مل تنخواہوں کا خود انتظام نہیں کر پارہی جب تک واجبات ادا نہیں ہونگے گیس کی فراہمی بحال نہیں کی جاسکتی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایوان بالا میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سٹیل ملز کو ملازمین کی تنخواہوں کا انتظام سیلز اور اپنے کاروبار کے ذریعے کرنا ہوتا ہے لیکن وزارت خزانہ تنخواہوں کے لئے فنڈز دے رہی ہے۔ سٹیل ملز نجکاری فہرست میں شامل ہے اور اس کی جلد سے جلد نجکاری کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیل ملز کے ملازمین کی دو ماہ کی تنخواہوں کی ایک سمری ای سی سی کو بھجوا دی گئی ہے۔ سمری منظور ہوتے ہی تنخواہیں ادا کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی سٹیل ملز کو گیس فراہم کرتی ہے۔ لیکن اس کو واجبات ادا نہیں کئے جارہے۔ جب تک واجبات نہیں ملیں گے گیس کی فراہمی بحال کرنا ممکن نہیں۔

متعلقہ عنوان :