شاہد آفریدی کا پی سی بی کو بھارت سے آمدن میں ففٹی ففٹی شیئرنگ کا تحریری ضمانت کا مشورہ

جمعرات 12 نومبر 2015 13:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء)پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھارت جاکر کھیلنے کی تجویز منظور کر لینا چاہئے۔ بشرط کہ پی سی بی اپنے بھارتی ہم منصبوں سے آمدنی میں ففٹی ففٹی شیئرکی تحریری ضمانت حاصل ہوجائے۔شاہد آفریدی نے بھارت میں پاک،بھارت مختصر سیریز کیلئے چیئرمین پی سی بی کی جانب سے تحریری ضمانت کے مطالبے کی حمایت کی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ حالات میں بھارت کیلئے پاکستان یا یواے ای کے نیوٹرل سینٹر پر سیریز کھیلنا ممکن نہیں ہے۔ بھارتی بورڈ اپنے شمالی علاقوں میں پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کی میزبانی کی تجویز پر غور کررہاہے۔ جس کی آمدنی دونوں ممالک میں ففٹی ففٹی شیئرکی جائے گی۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ہم بھارت میں جاکر کھیلنے کو تیار ہیں۔

لیکن منافع میں برابر کے حصے کیلئے تحریری ضمانت حاصل کرنا ضروری ہے۔ ہم نے تین سال پہلے بھی بھارت میں مختصر سیریز کھیلی تھی جس سے بھارت نے کروڑوں روپئے کمائے۔ لیکن پاکستان کووعدے کے باوجود کچھ نہیں ملا۔اس بار اگر بھارت سیریز کے ریویو میں پچاس فیصد حصے کی تحریری ضمانت دے تو پی سی بی کو بھارتی سرزمین پر کھیلنے کی تجویز منظور کرلینی چاہئے۔