اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کاعمل شروع

جمعرات 12 نومبر 2015 13:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) اسلام آباد میں 30 نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کاعمل شروع کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لئے بیلٹ پیپز کی چھپائی کا کام شروع ہوگیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 6رنگوں کے 42لاکھ سے زیادہ بیلٹ پیپرزفوج کی نگرانی میں چھاپے جائیں گے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لئے بیلٹ پیپر کی چھپائی پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن میں فوج کی زیر نگرانی میں ہورہی ہے۔ حکام کے مطابق چیئرمین اور وائس چیرمین کے لئے سبزرنگ،یونین کونسل کے جنرل ممبرز کیلئے سفید ،خواتین کی نشست کے لئے گلابی، اقلیتوں کی نشست کے لئے پیلا،یوتھ کونسلر کے لئے لائیٹ گرے، جبکہ مزدور اور کسان کی نشستوں کے لئے خاکی رنگ کے بیلٹ پیپرز چھاپے جارہے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں ای سی پی کے مطابق ووٹرزکی تعداد چھ لاکھ اٹھاسی ہزار سے زیادہ ہے، جس کے باعث اسلام آباد کو بلدیاتی انتخابات کیلئے پچاس یونین کونسلز میں تقسیم کیا گیا ہے۔