'کرکٹ آل اسٹارز' دوسرے میچ میں وارن واریئرز نے سچن بلاسٹرز کو 57 رنز سے شکست دے کرسیریز جیت لی

جمعرات 12 نومبر 2015 12:48

ہیوسٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) امریکا میں جاری 'کرکٹ آل اسٹارز' کے دوسرے میچ میں وارن واریئرز نے سچن بلاسٹرز کو 57 رنز سے شکست دے کرسیریز جیت لی۔امریکا کے شہر ہیوسٹن میں کھیلے گئی سیریز کے دوسرے میچ میں سچن ٹنڈولکر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، شین وارن کے بیٹسمینوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 262 رنز بنائے۔

سری لنکا کے سابق کھلاڑی کمار سنگا کارا 30 گیندوں پر 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 70 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے، جنوبی افریقہ کے سابق آل راوٴنڈر جیک کیلس نے 45 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے 16 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔سچن بلاسٹرز کے باوٴلرز اچھی باوٴلنگ کرنے میں ناکام رہے، پہلے میچ میں اپنی تیز گیندوں سے بیٹسمینوں کو پریشان کرنے والے پاکستانی سابق فاسٹ باوٴلر شعیب اختر اس میچ میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کر پائے، تاہم جنوبی افریقہ کے مشہور آل راوٴنڈر لانس کلوزنر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

جواب میں سچن بلاسٹرز نے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان شان پولاک کے 22 گیندوں پر 55 رنز کی مدد سے خوب مزاحمت کی لیکن یہ مزاحمت 205 رنز سے آگے نہیں بڑھ سکی، لانس کلوزنر 21 اور انگلینڈ کے سابق اسپنر گریم سوان نے 22 رنز بناکر ان کا ساتھ دیا جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 33 رنز بنائے، برائن لارا 19 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔وارن واررئیرز کی جانب سے آسٹریلیا کے سابق آل راوٴنڈر اینڈریو سائمنڈز نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اپنی نپی تلی باوٴلنگ کے باوجود کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے تاہم ثقلین مشتاق دو وکٹیں لینے میں کامیاب ہوگئے۔سیریز کا تیسرا میچ 14 نومبر کو امریکا کے شہر لاس اینجلس میں کھیلاجائے گا۔واضح وہے پہلے میچ میں وارن واریئرز نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔