وزیراعلیٰ پنجاب سے ہالینڈ کی سفیر کی ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

زراعت ، لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ او رواٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں نیدرلینڈ سے تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں،پنجاب حکومت او رنیدرلینڈ کے مابین کوڑا کرکٹ سے توانائی کے حصول میں تعاون کا جائزہ لیا جا سکتاہے ،شہبازشریف کی گفتگو

بدھ 11 نومبر 2015 23:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں پاکستان میں نیدرلینڈ کی سفیرجین نیٹے سیپپن نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،دوطرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے نیدرلینڈ کی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان او رنیدرلینڈ کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات موجو د ہیں تاہم دونوں ممالک کو معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے -انہوں نے کہاکہ نیدر لینڈ کو زراعت ، لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبو ں میں خاص مہارت حاصل ہے- پنجاب حکومت ان شعبوں میں نیدر لینڈ کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے-انہوں نے کہاکہ پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں نیدرلینڈ کے سرمایہ ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں-پنجاب حکومت اور نیدر لینڈ کے مابین کوڑا کرکٹ سے توانائی کے حصول کے حوالے سے تعاون کا جائزہ لیا جا سکتاہے-نیدرلینڈ کی سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے اور ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے اقدامات کریں گے -چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-