پاکستان کے آئی سی ٹی سیکٹر میں چینی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کے بہتریں مواقع موجود ہیں، ہماری حکومت کی مثبت پالیسیوں کے سبب براڈ بینڈ کی شرح ایک سال سے کم مدت میں3فیصد سے 15 فیصد تک پہنچ گئی ہے ، آئی ٹی کے شعبہ میں حالیہ ترقی کے سبب بین الاقوامی سرمایہ کار آئی ٹی پارکس سمیت دیگر ایسے کئی شعبہ جات میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ایک آئیڈیل ملک گردانتے ہیں

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان کی چینی کمپنیوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 11 نومبر 2015 23:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئی سی ٹی سیکٹر میں چینی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے بہتریں مواقع موجود ہیں۔ ہماری حکومت کی مثبت پالیسیوں کے سبب براڈ بینڈ کی شرح ایک سال سے کم مدت میں 15% تک پہنچ گئی ہے جو قبل ازیں محض 3% تھی۔ آئی ٹی کے شعبہ میں حالیہ ترقی کے سبب بین الاقوامی سرمایہ کار آئی ٹی پارکس سمیت دیگر ایسے کئی شعبہ جات میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ایک آئیڈیل ملک گردانتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات چائنہ کے اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ چینی کمپنیوں کے اس پندرہ رکنی وفد نے سینیٹر طلحہ محمود کے ہمراہ وزیر مملکت انوشہ رحمان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

چینی وفد کے سربراہ مسٹر سانگ نے کہا کہ وہ پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پاکستان کے تمام اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں۔ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے شعبہ میں سرمایہ کاری انکی اولین ترجیحات میں شامل ھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چائنہ کی دیگر بڑی کمپنیوں کو بھی ترغیب دیں گے کہ وہ بھی پاکستان میں ٹیکنالوجی کی روز افزوں ترقی کو مد نظر رکھتے ہوئے اس شعبہ میں سرمایہ کاری کریں۔ چینی وفد نے پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبہ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرنے پر وزیر مملکت انوشہ رحمان کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی سیکریٹری آئی ٹی عظمت علی رانجھا، ایڈیشنل سیکریٹری بابر حسن بھروانہ، ایم ڈی پی ایس ای بی عاصم شہریار اور چیئرمین این ٹی سی بریگیڈیئر)ریٹائرڈ( وقار راشد بھی اس میٹینگ میں موجود تھے۔

وزیر مملکت انوشہ رحمان نے چینی وفد کی طرف سے ٹیلی کام کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کرنے اور دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے چینی بھائیوں کے عزم کی تعریف کی اور وفد کے شرکاء کو ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :